موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سٹوڈنٹ ہیلتھ اینڈ میل پروگرام لانچ کیا جائیگا :صوبائی وزیر تعلیم

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت وزیر اعلی ایڈوائزری کمیٹی فار ایجوکیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ سکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن، سپیشل ایجوکیشن اور نان فارمل ایجوکیشن کے سیکرٹریز سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر تعلیم کو چاروں تعلیمی محکموں کی 100 روزہ کارکردگی پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ رانا سکندر حیات نے مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران کی تحسین کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق کارکردگی تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکموں نے کم وقت میں زیادہ کام کیا جس کے نتیجے میں 3 ماہ پہلے ہم جہاں کھڑے تھے آج اس سے بہتر مقام پر کھڑے ہیں۔ گذشتہ 3 ماہ میں ہم نے تعلیمی اصلاحات کے ضمن میں ریکارڈ اقدامات اٹھائے۔ طلبا میں لیڈرشپ کی صلاحیتوں کی پرورش کیلئے پہلی مرتبہ سٹوڈنٹ کونسل کے الیکشن کروائے گئے۔ بوٹی مافیا کا جال توڑا۔ صوبے کی 20 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ 11 لاکھ سے زائد طلبا کی ریکارڈ انرولمنٹ ہوئی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ٹرانس جینڈرز کیلئے ڈویژنل سطح پر سکولز قائم کئے جا رہے ہیں۔ ورکنگ چلڈرن کیلئے سکولوں کا سیٹ اپ بنایا جا رہا ہے۔ چھٹیوں کے فوری بعد سٹوڈنٹ ہیلتھ اینڈ میل پروگرام لانچ ہو رہا ہے جس سے 7 لاکھ سے زائد طلبا مستفید ہوں گے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ سکولوں کی ترقی کیلئے سکول مینجمنٹ کو با اختیار بنایا گیا ہے۔ طلبہ کو ٹیکنالوجی سکھانے کیلئے 100 سے زائد سکولوں میں فنی کورسز بھی شروع کروائے جا رہے ہیں جن سے آئندہ 4 سالوں میں 10 ہزار طلبا کو مستفید کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ استاد دوست ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کروائی گئی ہے۔ اجلاس میں سکولوں کو نجی سیکٹر کے حوالے کرنے کے بارے میں پیشرفت پر بھی بریفنگ لی گئی۔ ایڈوائزری کمیٹی اجلاس میں انکلوسیو ایجوکیشن پالیسی بنانے پر غور کیا گیا جبکہ 5 سالہ ایجوکیشن پلان کے حوالے سے بھی تفصیلی غور و خوض ہوا۔ سکول میل پروگرام کے ضمن میں وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ ملکر راجن پور میں پائلٹ پراجیکٹ لانچ کیا جائے جس کے بعد مرحلہ وار صوبے بھر میں پھیلایا جائے۔ تین گھنٹے طویل دورانئے کے اس اجلاس میں متعدد تعلیمی منصوبوں اور اقدامات پر پیشرفت کیلئے سفارشات بھی مرتب کی گئیں۔