ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کیلئے افسران و عملہ متحرک رہیں،ڈپٹی کمشنر بہاولپور

بہاولپور:(قاسم بھٹی)ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انی شی ایٹیو کے تحت سڑکوں کی مرمت و دیکھ بھال کے کام اورترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کرائی جائیں۔نیز بس ٹرمینل کی صفائی اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی، سکولوں اورہیلتھ فسیلٹیز میں صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے متعلقہ افسران مانیٹرنگ کے عمل کو موثر بنائیں،ہدایات انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر، متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹرعظیم ذیشان، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فیصل شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خورشید احمد، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن،میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمہ جات کو موصول ہونے والی تمام شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے اور ستھرا پنجاب مہم کو کامیابی سے ہمکناربنانے کے لئے بھی متعلقہ افسران و عملہ فیلڈ میں متحرک اور فعال انداز میں کام کریں۔انہوں نے کہا کہ سٹریٹ لائٹس فنکشنل رکھی جائیں اور الیکٹرک پولز و پبلک مقامات پر لگے پینا فلیکس و بینرز بھی ہٹائے جائیں۔نیز وال چاکنگ کا خاتمہ بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سیوریج اور ڈرینج کی صفائی کے امور بہتر طریقے سے انجام دیئے جائیں اور ضلع بھر میں موجود کھلے مین ہولز کے ڈھکن بھی نصب کرائے جائیں۔ قبل ازیں سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان نے ضلع بھر میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے انیشیٹو کے ضمن میں کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔