پاور سیکٹر کا ترقیاتی بجٹ 200 فیصد بڑھانے کی تجویز، 14 نئے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(بیورورپورٹ) ملکی پاور سیکٹر کے ترقیاتی بجٹ میں 200 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ شعبے میں 14 نئے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ 2024-25ءمیں پاور سیکٹر کے ترقیاتی بجٹ میں 200 فیصد تک اضافہ کرکے 239ارب 42 کروڑروپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ پاورسیکٹر میں 14 نئے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،مجوزہ ترقیاتی بجٹ کے مطابق لیہ میں 1200میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ کی جگہ کے حصول کےلئے 6 ارب 25 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے اسی طرح فریکوئنسی ریگولیشن کے بیٹری انرجی سٹوریج منصوبے کےلئے ایک ارب 58 کروڑ سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے،علاوہ ازیں جنکو ون کول پاورپراجیکٹ کےلئے 35 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے جبکہ جھنگ میں 600 میگاواٹ سولرمنصوبے کی جگہ کی خریداری کےلئے 63 کروڑ30 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، بجلی کی ترسیل کے شعبے کی بہتری کےلئے ساڑھے 5 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے،ذرائع کے مطابق کاسا 1000 منصوبے کے انٹرکنکشن کےلئے 4 ارب 88 کروڑ روپے سے زائد رکھنے کی تجویز ہے، این ٹی ڈی سی کے گرڈ سٹیشنز کی بہتری کےلئے 4 ارب 80 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے جبکہ داسو پن بجلی منصوبے سے بجلی کی فراہمی کے فیز ون کےلئے 22 ارب 11 کروڑ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے،تربیلا 5 توسیعی منصوبے سے بجلی کے اخراج کےلئے ایک ارب 70 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، 500اور220 کے وی گرڈ سٹیشنزکی بہتری کے منصوبے کےلئے 5 ارب 23 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے ۔