لاہور( رپورٹ: نعیم جاوید) لاہور چیمبر آف کامرس سمیت ملک کے نامور صنعتکاروں اور سینئر تاجروں نے سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ معاشی بہتری کی طرف پہلا قدم ہے۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے کاروباری لاگت میں کمی آئیگی مگر اب بھی شرح سود بہت زیادہ ہے اس کو سنگل ڈیجٹ میں لانے کی ضرورت ہے۔ نامور صنعتکار ڈاکٹر ارشد، منظور الحق ملک،فہیم سہگل، ذکی اعجاز نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے شرح سود کا سنگل ڈیجٹ میں لانا وقت کا اہم تقاضا ہے ملک کو سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔ سینئر تاجر رہنما نعیم میر،وقار احمد میاںاور ملک کلیم نے کہا کہ شدید کساد بازاری میں یہ کمی ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔
شرح سود میں کمی خوش آئند، شدید کساد بازاری میں ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے: تاجر برادری

















