پولیس حالت امن میں جانیں قربان کرنے والا واحد ادارہ ہے: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس حالت امن میں جانیں قربان کرنے والا واحد ادارہ ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا پنجاب پولیس کا ہیومن ریسورس اس کی اصل طاقت ہے، سپروائزری افسران کانسٹیبلری کے ساتھ کنکشن قائم رکھ کر اچھے نتائج حاصل کر سکتے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کو ہدایت کی کہ منظم جرائم کی شرح میں مزید کمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے کریک ڈاون میں تیزی لائی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق سنگین جرائم کی سرکوبی کرنے والے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سی پی او درسگاہ میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ ریجن کے کرائم فائٹر افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد،کیش ایوارڈز سے نوازا گیا، آئی جی پنجاب نے ضلع گوجرانوالہ کی 2، سیالکوٹ کی 6، نارووال کی 2، گجرات کی 2 اور منڈی بہاو¿الدین کی ایک پولیس ٹیم کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا، انعامات حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں نے بلائنڈ مرڈرز سمیت مختلف ہائی پروفائل مقدمات کے ملزمان کو کامیابی سے ٹریس کیا، چناب پل پر 3 سکیورٹی گارڈ قتل کرکے کیش وین لوٹنے والے ملزمان گرفتار کرنے پر انسپکٹر انصر جاوید کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ڈکیتی معہ قتل کے ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کرنے پر سب انسپکٹر ارسلان اصغر کی انعام سے حوصلہ افزائی کی گئی،55 لاکھ روپے مالیت کی برآمدگی، ملزمان کو گرفتار کرنے پر سب انسپکٹر مختار احمد کو انعامات سے نوازا گیا ، متعدد سنگین مقدمات میں ملوث 80 ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کرنے پر انسپکٹر واحد حسین و ٹیم کو انعامات سے نوازا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب سلطان احمد چوہدری ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ سمیت دیگر افسران تقریب میں موجود تھے۔