اچھے دن شروع، مثبت معاشی اشارئیے بہتر مستقبل کی نوید،مہنگائی میں کمی آئے گی:مریم نواز

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے اچھے دن شروع، مثبت معاشی اشارئیے بہتر مستقبل کی نوید،حکومت کی پوری توجہ مہنگائی میں کمی لاکر عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔

اپنے بیان میں مریم نواز نے کہایو اے ای کی جانب سے 10ارب ڈالر سرمایہ کاری حکومت پر بیرونی اعتماد کا ناقابل تردید ثبوت ہے،پاکستان ،عوام کےلئے اچھے دن آ رہے ہیں، یو اے ای کی جانب سے سرمایہ کاری کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان سٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈز قائم کر رہی ہے، سٹاک مارکیٹ 100انڈیکس کا مثبت رحجان خوش آئند ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاروٹی سمیت دیگر اشیا کے نرخ مزید نیچے آئیں گے، مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی اور کرنسی مستحکم ہوگی،ن لیگ کی حکومت کو تاجروں صنعتکاروں اورسرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل ہے، پاکستان میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کیلئے شہباز حکومت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، ن لیگ کی حکومت میںپاکستان اپنا کھویا مقام حاصل کرےگا،دعا ہے اللہ تعالی ملک کو ترقی میں رکاوٹ ڈالے والے عناصر کے شر سے محفوظ رکھے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بارشوں کے دوران آسمانی بجلی وگھروں کی دیواریں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو موثر امدادی کارروائیوں کا حکم دےدیا،مریم نواز نے پی ڈی ایم اے کو ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پیشگی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہاآسمانی بجلی گرنے سے زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں، حکومت متاثرہ خاندانوں کےساتھ ہے ۔