وفاق کے فنڈز پر صوبہ چلانے والے شیخ چلی شیخیاں نہ بکھیریں‘عظمیٰ بخاری

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے پنجابی کی مثال ہے”پلے نئی دھیلہ تے کردی پھراں میلہ“ ، وفاق کے فنڈز پر صوبہ چلانے والے شیخ چلی شیخیاں نہ بکھیریں،خیبرپختونخوا ہمیشہ سے ہی پنجاب سے گندم و آٹا خریدتا آرہا ہے، بس اب فرق یہ ہے سمگلنگ کی سہولت دستیاب نہیں رہی، مریم نواز نے پنجاب سے گندم و آٹے کی سمگلنگ مکمل بند کردی ۔

خیبر پی کے کے ورزاکے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا آپ لوگ پنجاب کے کسانوں پر کوئی احسان نہیں کر رہے بلکہ اپنی ضرورت کی گندم خرید رہے ہیں، آپ کو تو پنجاب حکومت کا شکر گزار ہونا چاہیے جو گندم خریدنے کی اجازت دی، پنجاب سے گندم خریدنے کی اجازت نہ ہوتو کے پی میں ایک روٹی 50روپے کی ملے۔

وزیر اطلاعات نے کہامعلوم ہے آپ لوگ کسانوں کے کتنے ہمدرد ہیں ،4سال پنجاب کے عوام نے بزدار گینگ کی شکل میں عذاب بھگتا ، آپ کو پنجاب کی بجائے خیبر پختونخوا کے غریب عوام کی فکر کرنی چاہیے،مریم نواز کسانوں کےلئے 400ارب کا تاریخی پیکیج لےکر آرہی ہے، علی امین گنڈاپور تو پختونوں کو 400روپے کا ریلیف دینے کو تیار نہیں ، گنڈاپور حکومت پختونوں کا پیٹ فلمی ڈائیلاگ اور مولا جٹ والی بڑھکیں مارکربھرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

دریں اثناوزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹر اور نیوز ڈائریکٹر کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاامید ہے نومنتخب عہدیدار صحافتی اصولوں کے فروغ و حقائق پر مبنی اپنی پیشہ وارانہ زمہ داریاں ادا کرینگے،عظمیٰ بخاری نے کہا میڈیا اور حکومت ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں دونوں ساتھ چلیں تو مسائل کا حل ممکن ہے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز آزادی صحافت و صحافیوں کے تحفظ پر مکمل یقین رکھتی ہیں،دروازے صحافیوں کےلئے کھلے ہیں،صحافیوں کے مسائل کا حل ترجیح ہے۔