گلبرگ ٹاﺅن میں شعبہ آئی ٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹرز تعینات

لاہور (قمر عباس نقوی) واسا آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو کی محکمے کو ذاتی خواہشات پر چلانے کی منصوبہ بندی، گلبرگ ٹاﺅن ریونیو میں غیرقانونی اقدام، ایف اے اینڈ آر کی بجائے شعبہ آئی ٹی کے دو ڈپٹی ڈائریکٹرز تعینات، انتظامیہ کی طرف سے ریونیو کی ایک ہی ٹاﺅن میں غیرمتعلقہ شعبہ کے افسران کی تعیناتی، محکمے پر اضافی مالی بوجھ بڑھنے لگا۔ تفصیلات کے مطابق واسا انتظامیہ نے آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو کی خواہش کو پورا کرنے کیلئے گلبرگ ٹاﺅن ریونیو میں ایک وقت میں دو ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات کررکھے ہیں جن کا بنیادی شعبہ آئی ٹی ہے، انکو بطور ڈپٹی ڈائریکٹرز ایف اے اینڈ آر تعینات کیا گیا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر توقیر اکبر اور آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر عاصم منیر شامل ہیں۔ آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو مرتضیٰ حسن نے بطور آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر گلبر گ ریونیو میں تعیناتی کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی توقیر اکبر کو ذاتی تعلقات کی بنیاد پر آئی ٹی کی بجائے ریونیو کے امور کی انجام دہی پر تعینات کئے رکھا، بعد ازاںڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کی ترقی حاصل کرنے کے بعد بھی توقیر اکبر کو گلبرگ ٹاﺅن ریونیو میں ہی سروسز جاری رکھنے کیلئے انتظامیہ سے خصوصی سفارش کرتے ہوئے گلبرگ ٹاﺅن میں ہی بطور ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات کروایا جس پر بعد میں آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو کا عہدہ سنبھالتے ہی گلبرگ میں تعینات اے ڈی کمپیوٹر عاصم منیر کو آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو گلبرگ کا چارج دلوانے میں اپنا کردار ادا کیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی پہلے سے گلبرگ ریونیو میں تعینات تھا۔ آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو کی ذاتی خواہشات کو پوری کرنے کی خاطر محکمے کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے ریونیو گلبرگ میں ایک وقت میں دو ڈپٹی ڈائریکٹرز سے خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کو متعلقہ شعبہ میں ضرورت کے باوجود تعینات نہیں کیا جا رہا اور شعبہ ریونیو میں غیر قانونی طور پر تعینات کراتے ہوئے ذاتی خواہش کو پورا کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کے طور پر 2024ءکو ترقی حاصل کرنے سے قبل متعلقہ افسر کی جانب سے مبینہ طور پر محکمہ کو تحریری طور پر لکھ کر دیا گیا تھا کہ اسے بطور ڈپٹی ڈائریکٹر ترقی نہیں چاہئے، اسکے باوجود ترقی حاصل کرتے ہوئے ریونیو شعبہ میں ہی سروسز پر تعینات کر رکھا ہے جو کہ انتظامیہ کی طرف سے آن پے سکیل ڈی آر کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے 18مارچ 2024کو احکامات نمبر ایڈمن اے ڈی اے تھری 170 کے تحت گلبرگ ٹاﺅن میں ہی ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات کیا گیا تھا۔ محکمہ واسا ریونیو کسی بھی ٹاﺅن میں ایک ڈپٹی سے زائد ڈپٹی کی تعینات نہیں ہے کیونکہ ایک ٹاﺅن میں ایک وقت میں ایک ہی ڈی ڈی تعینات ہو سکتا ہے اور ریونیو میں متعلقہ شعبہ کا ملازم یا افسر ہی تعینات ہو سکتا ہے جبکہ آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو کا انوکھا لاڈلہ ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی کو بطور ڈپٹی ڈائریکٹر گلبرگ ٹاﺅن تعینات کرتے ہوئے محکمے پر اضافی مالی بوجھ ڈالا گیا ہے۔ آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو مرتضیٰ حسن کو محکمے میں ذاتی خواہشات کی تکمیل کی خاطر ایک ہی ریونیو ٹاﺅن گلبرگ میں ایک وقت میں دو ڈپٹی ڈائریکٹرز آئی ٹی کی تعیناتی پر موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا گیا اور وٹس ایپ میسج بھی کیا جس کو پڑھنے کے بعد انکی جانب سے موقف نہیں دیا گیا۔