9مئی کو ملک میں کہرام مچایا گیا،ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے،صدر مملکت

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)صدرمملکت آصف زرداری نے کہا ہے بنیادی حقوق کا غلط استعمال کرکے تشدد پر اکسانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے،9 مئی ملکی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

صدر مملکت نے اپنے بیان میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا ،سرکاری املاک و فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا،واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا،پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے، حملے ریاستی رٹ ، قانون کی حکمرانی اور اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش تھے،تشدد کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

آصف زرداری نے متنبہ کرتے ہوئے کہا مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں،پاکستان کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے،سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے ترقی کا عمل متاثر ،سماجی و اقتصادی چیلنجز میں مزید اضافہ ہوتا ہے،موجودہ صورتحال متقاضی ہے ،تمام سیاسی جماعتیں رواداری ، جمہوری اقدار کے فروغ ، مذاکرات اور قوم کی درست سمت میں رہنمائی کیلئے کام کریں۔

صدر مملکت نے کہاسیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی جمہوریت کو مضبوط کریں، قانون کی حکمرانی ، رواداری، سیاسی مکالمے اور شمولیت کے کلچر کو فروغ دیں،ریاستی اداروں کےخلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم کے سدباب و حوصلہ شکنی کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے۔