کمزور اور نادار طبقے کی بحالی کیلئے نئے منصوبوں پر کام جاری ہے:صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر
لاہور (اپنے رپورٹر سے) محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب دور جدید کے تقاضوں کے مطابق معاشرے کے کمزور اور نادار طبقے کی بحالی کیلئے کئی نئے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ خواتین، بچوں اور خصوصی افراد کے حقوق اور فلاح و بہبود کیلئے بین الاقوامی تنظیموں سے تعاون بڑھایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سوشل ویلفیئر کے کمیٹی روم میں بین الاقوامی تنظیموں کے اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر پنجاب اقبال حسین، ڈی جی سوشل ویلفیئر آمنہ منیر، برٹش ہائی کمیشن لاہور کی ہیڈ کلارا سٹرینڈ ہوج اور ایف سی ڈی او سے علی نقوی سمیت بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے اور دیگر سٹیک ہولڈرز موجود تھے۔ اجلاس میں خواتین، بچوں، خصوصی افراد اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقوں کے حقوق کو فروغ دینے والے پروگرام آواز 2 اور دیگر پراجیکٹس پر دوطرفہ تعاون بڑھانے سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کی جانب سے دی جانیوالی سروسز پر بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر اقبال حسین نے کہا کہ محکمہ خصوصی افراد کیلئے فنی تعلیم، بلا سود قرضہ جات، وظائف، عمارات میں آسان رسائی سمیت دیگر سہولیات پر مبنی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے نادار طبقے کی بحالی میں تعاون پر بین الاقوامی اداروں کے کردار کو سراہا۔ اجلاس کے شرکاءنے صنفی تشدد سمیت دیگر مسائل پر گفتگو کی اور دو طرفہ تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔



















