لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا، لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل غلام رسول کی نماز جنازہ میں شرکت کی، کمانڈر 4 کور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا ہلال امتیاز ملٹری نے بھی نماز جنازہ میں خصوصی شرکت کی۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر سمیت دیگر افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی نماز جنازہ میں موجود تھی۔ جوڈیشل ونگ میں تعینات کانسٹیبل غلام رسول نے گذشتہ رات نامعلوم ملزم کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی ، پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے کانسٹیبل غلام رسول کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل کے بیٹے اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ 53 سالہ کانسٹیبل غلام رسول کے پسماندگان میں اہلیہ ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں، شہید کانسٹیبل غلام رسول کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائیگا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کانسٹیبل غلام رسول جیسے 1600 سے زائد شہداءاور 1700 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے ، شہداءکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اور غازیوں کے بہترین علاج معالجے کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان میں جھنگی (حضرت عمر فاروق) چیک پوسٹ پر حملے کے غازی اہلکاروں کی عیادت کیلئے نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کیا ، آئی جی پنجاب نے زیر علاج جوانوں کی عیادت کی، خیریت دریافت کرتے ہوئے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ، آئی جی پنجاب نے جوانوں کی بہادری پر ان کو خراجِ تحسین پیش کیا، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ زیر علاج تمام غازی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہمارے جوانوں نے دہشت گردوں کو ایک بار پھر پسپا کر کے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں، دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے، حملے کو پسپا کرنے پر بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان ہمارا فخر ہیں، قوم کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے، ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔
پنجاب پولیس شہید غلام رسول جیسے شہداءاور غازیوں کی امین فورس ہے :آئی جی



















