لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے سموگ کے خاتمے اور ماحول کو بہتر بنانے کیلئے ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی (انوائرنمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی) بنانے کا فیصلہ کر لیا،پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا اتھارٹی ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات اور قوانین پر موثر عملدرآمد یقینی بنائیگی، وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں سموگ کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ،شعبہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں سموگ مانیٹرنگ سیکٹورل سیل بنایا گیا جس میں ہر ڈیپارٹمنٹ کا نمائندہ موجود ہے، ماحول کی بہتری کےلئے وزیراعلیٰ کے ویژن پر عمل درآمد کیلئے لیگل فریم ورک بنانے کا کام شروع کر دیا،مریم اورنگزیب نے کہا ہر شعبے کے لحاظ سے قوانین اور ضابطوں پر عملدرآمد کیلئے ہنگامی اقدامات کا ایکشن پلان تیار کر لیا گیا، ماحول کے تحفظ کیلئے خصوصی فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کونسا شعبہ سموگ میں کتنے اضافے کی وجہ بن رہا ہے ڈیجیٹل ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سموگ، زہریلے مادوں اور دھوئیں کے اخراج کے ذرائع پر کریک ڈاﺅن ہوگا، صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق ماحولیاتی قوانین اور ضابطوں پر سختی سے عملدرآمد کرائیں گے، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلے گا، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹے بند کر رہے ہیں،گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا جا رہا ہے، زیادہ دھواں چھوڑنے اور خراب انجن والی گاڑیوں کو بند کیا جائیگا، خراب انجن والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ اور سرٹیفکیشن کا نظام لایا جا رہا، زہریلے دھوئیں پر کنٹرول کیلئے تمام صنعتوں کو ”ایمشن کنٹرول سسٹمز“لگانے کا پابند کرنے کا نظام تیار کر لیا گیا ہے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر کوکویوشییامہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر پنجاب میں سٹنٹڈ بچوں میں غذائی قلت کو پورا کرنے کیلئے ون تھا¶زنڈ ڈے پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا،بغیرناشتے کے سکول جانے پر مجبور 8فیصد بچوں کی سٹنٹڈ گروتھ پر قابو پانے کیلئے سکول میل پروگرام شروع کرنے کا جائزہ بھی لیا گیا۔سینئر وزیرمریم اورنگزیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیوٹریشن فورس کاقیام وزیراعلی مریم نواز شریف کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔بہبود آبادی، صحت،صفائی ،سکول ایجوکیشن اور سٹنٹڈ بچوں کی صحت کے حوالے سے دوطرفہ تعاون بارے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب فوڈ باسکٹ ہے لیکن بیشتر مائیں اور بچے غذائی قلت کا شکارہیں۔انہوںنے کہا کہ ڈونرز اور پارٹنرز کے باہمی اشتراک سے اس سماجی مسئلے پرقابو پایا جاسکتاہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ ای میکانائزیشن پروگرام، فوڈ سیفٹی، کسانوں کوجدید ایگری مشینری اور آئی ٹی سے مزین کررہے ہیں۔ وزیراعلی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کا جلدآغاز کریں گی، پہلے فیز میں 16 بڑے شہروں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا کام ہوگا۔سینئر وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں ماحولیاتی چیلنجز اورسموگ کے خاتمے کے لیے ملٹی سیکٹورل سموگ ایکشن پلان پر آئندہ ہفتے سے عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔ورلڈ فوڈ پروگرام کی نمائندہ نے غذائی قلت سے متعلق یونیورسٹیز میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ،ایکواکلچر فارمنگ،کاربن فنانسنگ،بڑھتی آبادی،مدراینڈ چائلڈ ہیلتھ،ماحولیاتی تبدیلی اور کسانوں کی کیپسٹی بلڈنگ میں بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
سموگ کے خاتمے کیلئے ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا :مریم اورنگزیب



















