فیصل آباد(صداقت علی)جی سی یونیورسٹی میں طلباءکے گروپ نے وحشیانہ تشدد کر کے طالبعلم سمیت دو افراد کو شدید زخمی کر دیا۔ ملزمان نے طالبہ سے چھیڑ خوانی کی شکایت کرنے کی رنجش پر تشدد کا نشانہ بنایا، یونیورسٹی انتظامیہ نے حملہ آور چار طلباءکو معطل کر کے یونیورسٹی میں داخلہ بند کر دیا۔ ڈسپلنری کمیٹی جرمانہ یا ڈگری منسوخ کرنے کی سفارشات کرے گی۔
متاثرہ طالبہ کے رشتے دار نوجوان نے گزشتہ روز یونیورسٹی پہنچ کر ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز کو شکایت کی۔ واپس جاتے ہوئے طلباءنے نوجوان کو گھیر کر کرسیوں اور اینٹ سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس کا رشتے دار ایک طالبعلم اسے بچانے آیا تو طلباءنے اسے بھی مارنا شروع کر دیا۔ تشدد سے دونوں نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ اس دوران یونیورسٹی کے سکیورٹی گارڈز غائب رہے اور متاثرہ نوجوانوں کو بچانے نہ آئے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے بعدازاں حملہ آور چار طلباءکو معطل کر کے ان کا یونیورسٹی میں داخلہ بند کر دیا اور معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ ڈسپلنری کمیٹی ملزم طلباءکو جرمانہ کرنے یا ان کی ڈگریاں منسوخ کرنے کی سفارش کر سکتی ہے۔ حملہ آور دو طالبعلم پولیٹیکل سائنس ڈیپارٹمنٹ ، ایک لاءاور ایک اردو ڈیپارٹمنٹ کا ہے۔
فیصل آباد: طالبہ کو چھیڑنے سے منع کرنے پر طلبا گروپ کا 2افراد پر تشدد



















