گوجرانوالہ:بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف آپریشن تیز

گوجرانوالہ: (چودھری توصیف احمد)گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) ریجن بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے ،حالیہ آپریشن کے دوران 6ہزا8سو سے زائد بجلی چوروں کو43کروڑ30لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے جا چکے ہیں۔پکڑے جانےوالوں میں216زرعی، 261کمرشل اور72انڈسٹریل صارفین بھی شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ گیپکوریجن بھر میں سرویلنس ٹیموں کی کارروائیوں اور کامیاب چھاپوں کے سلسلہ جاری ہے ۔ 7ستمبر سے شروع ہونےوالے حالیہ آپریشن کے دوران اب ریجن بھر کے ساتوں اضلاع گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، وزیر آباد، حافظ آباد اور منڈی بہاوالدین سے مجموعی طور پر 6830بجلی چوروں کو مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والوں کوگیپکو کی جانب سے ایک کروڑ10لاکھ سے زائدیونٹس کی مد میں 43کروڑ30لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹیکشن بِل جاری کئے گئے ہیں جبکہ تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کیلئے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں بھی دےدی گئیں جن میں سے اب تک6780بجلی چوروں کےخلاف مقدمات درج کئے جا چکے ہیںجبکہ 5325پولیس کی حراست میں ہیں۔