احسان اللہ کی انجری، پی سی بی نے تحقیقات کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا

لاہور (مشرق نیوز) قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر احسان اللہ خان کی انجری کی تحقیقات کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے آزادانہ میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا۔ بورڈ کی جانب سے جاریکردہ اعلامیہ کہا گیا ہے کہ احسان اللہ خان کی غلط سرجری سے متعلق تحقیقات کیلئے بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، جس میں ڈاکٹر جاوید اکرام، ڈاکٹر دلنواز اور ڈاکٹر ممریز نقشبند شامل ہیں۔ قبل ازیں پاکستان سپر لیگ میں معروف فرنچائز ملتان سلطانز کے اونر علی ترین نے الزام عائد کیا تھا کہ فاسٹ بولر احسان اللہ خان کی پی سی بی ڈاکٹر نے غلط تشخیص کی جس کے باعث انکا کیرئیر داو¿ پر لگ گیا ہے۔ احسان اللہ خان انجری کے باعث ان دنوں برطانیہ میں موجود ہیں، جہاں انہیں معروف آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ایڈم واٹس معائنہ کررہے ہیں۔ ملتان سلطانز کی فرنچائز نے احسان اللہ کے ڈاکٹر سے اپائنٹمنٹ کے سلسلے میں بورڈ کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ احسان اللہ خان کے علاج اور ری ہیب کے تمام اخراجات برداشت کریگا۔