وزیر آباد (تحصیل رپورٹر) اسی حکومت نے چلنا ہے اور پانچ سال چلنا ہے۔ پیپلز پارٹی نے پارلیمانی عہدے لئے ایگزیکٹو عہدے نہیں لئے تاکہ مسلم لیگ (ن) یکسوئی سے اپنی پالیسی پر عملدرآمد کرے۔ سینئر رہنما قمرالزمان کائرہ کا حلقہ پی پی 36 کے علاقہ جھام والا میں صدر پی پی نیویارک ظفر چٹھہ کے ڈیرہ پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کارنر میٹنگ سے خطاب۔تفصیلات کے مطابق حلقہ پی پی 36 میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار عدنان افضل چٹھہ کی الیکشن مہم کے موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمرالزمان کائرہ کا جھام والامیں صدر پیپلزپارٹی نیورک ظفر چٹھہ کے ڈیرہ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی بڑے چسکورے ہو گئے ہیں ہم مصالحے دار خبریں بڑے شوق سے سنتے ہیں حالانکہ وہ خبریں ہمارے ہی خلاف ہوتی ہیں بڑے تبصرے ہو رہے ہیں یہ کمزور حکومت کب تک چلے گی ہم حکومت کے ساتھ ہیں لیکن حکومت میں نہیں ہیں۔ ہمارے وزارتیں نہ لینے کو کئی رنگ دئیے گئے ہیں اسی لئے ہم نے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی چھوڑی گئی نشستوں پر ملکر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت بنانا چاہتی تو ہم مجبور بھی کر سکتے اور سازشیں کر سکتے تھے، ہم نے پہلے اس جماعت سے کہا جس کے پاس اکثریت تھی۔جبکہ اس جماعت نے حکومت نہیں بنائی تو ہم نے مسلم لیگ (ن) سے کہا حکومت بنا لیں ہم حکومت کے ساتھ ہیں حکومت میں نہیں ہیں جو یہ دعویٰ کررہے ہیں ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا وہ دوسرے کا مینڈیٹ تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ تحریک انصاف والے دوسری جماعتوں جن کو پاکستانی عوام نے ووٹ دئیے ان کو بھی تسلیم کرنے کو تیار نہیں وہ کہتے ہیں جو ووٹ پی ٹی آئی کو ملا ہے صرف وہ پاکستانیوں کا ووٹ ہے باقی ووٹ کسی اور کے ہیں جوکہ ایک مضحکہ خیز منطق ہے۔ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں صرف ہم پاکستان کے وفادار ہیں۔ یہ سوچ یہ رویہ اگر کسی شخص کے اندر آ جائے تو وہ ایک گھر نہیں چلا سکتا ملک کیا چلائے گا ہماری جماعتیں بھی ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑتی ہیں مگر ہم ایک دوسرے کے دشمن نہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف جلاوطنی میں تھے تو شہید بی بی نے کہا میاں صاحب ملک کی خاطر اپنی لڑائیاں ختم کرنا ہوں گی۔ ملک میں جمہوریت اور استحکام لانے کے لیے اصولی فیصلے کرنا ہوں گے۔ بعدازاں لیگی امیدوار عدنان افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حلقہ میں آپ لوگ ترقی چاہتے ہیں تومجھے ایک موقع ضرور دیں میں آپکو مایوس نہیں کروں گا۔میرے مخالف امیدوار نے اپنے ناظم کے دور میں کچھ نہ کیا ب وہ کیا کر لیں گے حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہے تو عوام ہمیں ہی ووٹ دیں تا کہ میں منتخب ہو کر علاقہ کیلئے کچھ کر سکوں۔اس موقع پر سابق ایم این اے افتخار چیمہ ظفر چٹھہ، اعجاز سماں، اعجاز چیمہ ایڈووکیٹ، بیگم طلعت شوکت و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ عدنان افضل چٹھہ نے پیپلزپارٹی کے امیدوار کے حمایت کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں چوہدری اعجاز چیمہ ایڈووکیٹ، ذیشان سندھو، فیصل رشید گجر، آصف چیمہ، علی ظفر چٹھہ صدر پی وائی او وزیر آباد، رہنما پی پی مہر شکیل الرحمان آف ننکانہ صاحب، میڈم شہناز کنول، چوہدری وقاص منشاءپرنس، میاں لیئق احمد صدر سوشل میڈیا لاہور،امتیاذ احمد چٹھہ و دیگر نے شرکت کی۔
حکومت نے 5سالہ چلنا ہے، مسلم لیگ (ن) یکسوئی سے اپنی پالیسی پر عملدرآمد کرے: قمر زمان کائرہ



















