جنیوا،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ) اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت قرارداد ویٹو ،پاکستان نے امریکی اقدام کو افسوسناک قراردےدیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل میں فلسطین کو اقوام متحدہ میں مستقل رکنیت دینے کی قرار داد الجزائر کی جانب سے پیش کی گئی، برطانیہ ،سوئٹزرلینڈ سمیت 12 رکن ممالک نے قرار داد کے حق میں ووٹ دیا،فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا فلسطین کے عوام خود مختار ریاست میں امن، سلامتی اور آزادی کےساتھ رہنا چاہتے ہیں ،حالیہ جنگی صورتحال سے نکلنے کے دیرپا حل کے خواہش مند ہیں۔
قرار داد کو ویٹو کرتے ہوئے امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا فلسطین کی مستقل رکنیت کا ابھی وقت نہیں آیا،طے ہونا باقی ہے کیا فلسطین اقوام متحدہ کی مستقل رکنیت کے معیار و طریقہ کار پر پورا اترتا ہے،فلسطین اتھارٹی صدر محمود عباس اور حماس نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا امریکہ نے فلسطینیوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا۔
دوسری جانب پاکستان نے سخت تشویش کااظہارکرتے ہوئے امریکہ کی جانب سے قراردادویٹوکیے جانے کوافسوسناک قرار دےدیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا پاکستان سمجھتا ہے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کا وقت آگیا ، امریکہ کی جانب سے فلسطینی رکنیت کی قرارداد کو ویٹو کرنے پر افسوس ہے،75سال سے ظلم و جبر کا شکار فلسطین کو اقوام متحدہ کی رکنیت دینا حق خود ارادیت کی تصدیق ہوگی اور تاریخی انصاف ہوگا، فلسطینی عوام کا حق ہے 4 جون 1967 کی جغرافیائی حدود کے مطابق خود مختار ،آزاد ملک میں رہیں جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔
فلسطین کی مستقل رکنیت قرارداد ویٹو ،امریکی اقدام افسوسناک ہے،پاکستان

















