وزیرآباد:(شیخ محمد علی ) عید کے دوسرے روز پلاٹ کے تنازعہ پر آپسی فائرنگ سے خالہ زاد 2 بھائی جاںبحق،جی ٹی روڈ پرنامعلوم شخص کی کار سوار 2افراد پر فائرنگ، دونوں شدید زخمی ہوگئے۔
تھانہ سٹی کے علاقے ماڈل کالونی میں واقع قبرستان کے قریب دو خالہ زاد بھائیوں 35سالہ جمشید بٹ اور34سالہ عبد الجبار بٹ نے آپسی جھگڑے میں ایک دوسرے کو فائرنگ کا نشانہ بنا دیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ پراپرٹی کے معاملہ میں لین دین کے تنازع پر پیش آیا ہے، واقعہ کے فوراً بعد دونوں مضروب نوجوانوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن دوران علاج دونوں نوجوان جان کی بازی ہار گئے، پولیس نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحویل میں لے لیا۔
ادھر حمزہ علی اپنے کزن زریاب علی کے ہمراہ دھونکل سے لاہور جارہا تھا کہ جی ٹی روڈ اشرف پیلس کے قریب کار سوار نامعلوم شخص نے اچانک کار پر فائرنگ شروع کر دی جسکے نیتجہ میں علی حمزہ شدید زخمی ہوگیا زخمی کو طبی امداد کی خاطر ریسکیو1122کے عملہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا۔تھانہ صدر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔کارسوار شخص فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
وزیرآباد وگردونواح میں فائرنگ،ڈکیتی،چوری،راہزنی اور قتل کی بڑھتی وارداتوں پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب،آئی جی پنجاب،آر پی او،سی پی او گوجرانوالہ سے صورتحال کا فوری نوٹس لیکر اصلاح واحوال اور ایماندار فرض شناس پولیس افسروں کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیرآباد: پلاٹ کے تنازع پر فائرنگ،2خالہ زاد بھائی جاں بحق



















