پنجاب حکومت کی اہم افسر کو وفاق کو دینے سے معذرت، علی ناصر،سہیل اشرف کو ریلیو کرنے سے انکار

لاہور(اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے اہم افسران کی خدمات وفاق کو دینے سے معذرت کرلی،ذرائع کے مطابق پنجاب نے 2اہم افسروں کو ریلیو کرنے سے معذرت کرلی ہے ان میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف شامل ہیں،ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو جب آئی جی اسلام آباد لگایا گیا تو پنجاب حکومت نے انہیں ریلیو کرنے سے انکار کیا اور وفاق سے درخواست کہ صوبے سے وفاق کے افسران کا تبادلہ کرنا ہے تو پنجاب حکومت کو پہلے اعتماد میں لیا جائے، افسران کی تبدیلی سے اہم پوسٹوں پر تعیناتیاں کرنا ہوتی ہیں،ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف کوپی سی بی میں لے جانا چاہتے ہیں تاہم پنجاب حکومت نے انہیں پی سی بی میں رپورٹ کرنے سے روک دیا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا اہم پراجیکٹ چل رہے ہیں اس لیے سیکرٹری کو فوری تبدیل نہیں کیا جاسکتا،ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب رہنے والے محسن نقوی کی خواہش تھی کہ وہ اپنی ٹیم پنجاب سے وفاق میں لائیں جس سلسلے میں انہوں نے آئی جی پنجاب عثمان انور کو سیکرٹری داخلہ کےلئے لانے کی کوشش کی جو کارگر ثابت نہ ہوئی کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آئی جی عثمان انور کو عہدے پر برقرار رکھنا چاہتی ہیں،ذرائع نے مزید بتایا پھر آئی جی اسلام آباد کےلئے علی ناصر کی سمری بھیجی گئی جو منظور ہوئی اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا جبکہ اسلام آباد کے آئی جی اکبر ناصر نے عہدے کا چارج چھوڑ دیا لیکن 2 ہفتے گزرنے کے باوجود آئی جی اسلام آباد نے چارج نہ لیا، وفاقی دارالحکومت میں قائم مقام آئی جی کا چارج اس وقت ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد بخاری کے پاس ہے،ذرائع کے مطابق افسران کی تقرریوں کے معاملے پر محسن نقوی اور پنجاب حکومت میں فی الحال بات نہیں بن پارہی، پنجاب حکومت نے محسن نقوی سے کہا ہے جو افسران صوبے میں کام کررہے ہیں انہیں یہاں رہنے دیا جائے، اگر محسن نقوی نے اپنی ٹیم بنانی ہے تو باہر سے افسران لائیں،ذرائع کے مطابق محسن نقوی اب آئی جی اسلام آباد کےلئے 3 نام بھجوائیں گے جن میں سے ایک کو آئی جی لگایا جائےگا جبکہ مزید افسران کی تبدیلی پر عید کے بعد بات چیت کی جائے گی۔