قصور میں اتائی ڈاکٹروں کا راج،عوام کی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں

قصور:(مہر حسن حسین) محکمہ صحت کی نااہلی اور سرپرستی میں ضلع بھر میں عطائی ڈاکٹروں کا راج، عوام کی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں۔ناقص ، غیر معیاری اور ایکسپائر میڈیسن کی خریدو فروخت بھی عروج پر جبکہ ڈرگ انسپکٹرز منتھلیاں لیکر خاموش تماشائی بن گئے۔

شہر کی سیاسی، سماجی، فلاحی اور شہری تنظیموں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ سے فوری نوٹس لے کر عطائی ڈاکٹروں اور غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔ تفصیل کے مطابق سی او ہیلتھ کی عدم دلچسپی اور وڈرگ انسپکٹرز کی غفلت و کرپشن کے باعث ضلع بھر اور بالخصوص پورے شہرقصور میں عطائیت عروج پر ہے ۔

میڈیکل سٹوروں پر پریکٹس کرتے عطائی ڈاکٹرز شہریوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ سی کیٹیگری اور ناقص جعلی ادویات کے استعمال سے عوام گردے وجگر کے کینسر کے مرض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ ان عطائیوں کی نان رجسٹرڈ لیبارٹریوں اور جعلی انجیکشن ،دونمبر میڈیسن کی وجہ سے لوگ موذی امراض کا شکار ہورہے ہیں۔

شہر کے علاقوں بھسرپورہ، رکن پورہ ،بند روڈ اور بالخصوص کوٹمرادخان میں پریکٹس کرتے جعلی عطائی دونمبر میڈیسن بیچ کر کروڑ پتی بن چکے ہیں اوران کے مریض ان عطائیوں کے ہاتھوں لٹ کر اپنی جائیدادیں بیچنے پر مجبورہو چکے ہیں۔ ڈرگ کنٹرولراپنے خاص نمائندوں کے ذریعے بھتہ خوری میں مصروف اکا دکا دکھاوے کی کارروائی کرکے اپنی ناقص کارکردگی کو اعلیٰ بنانے کی ناکام کوشش میں مصروف ہیں جبکہ ڈی سی جعلی ہینڈ آوٹ میں مگن ہے۔

منتھلی بھتہ لے کر ان عطائیوں کو انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت دے دی جاتی ہے۔ جگہ جگہ خود ساختہ جعلی کلینک ،ٹیسٹ لیبارٹریاں لوٹ مار کے مراکز جبکہ زچہ بچہ سینٹر پر ڈی این سی کے نام پر بھی لوٹ مار جاری ہے ۔ معتبر پیشوں سے وابستہ لوگوں کے بورڈ لگا کر انسانی زندگیوں سے سرعام گھناﺅنا کھیل کھیلا جارہا ہے ۔شہر کی سیاسی، سماجی، فلاحی اور شہری تنظیموں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ سے فوری نوٹس لے کر عطائی ڈاکٹروں اور غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔