فیصل آباد: جعلی ویزے برآمد، خاتون سمیت3مسافر گرفتار

فیصل آباد:(بیورو رپورٹ ) ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے جنوبی افریقہ کے جعلی ویزے برآمد ہونے پر خاتون سمیت تین مسافروں کو گرفتار کر لیا۔ صاعقہ ، نبیل اور صادق آذر بائیجان کے دارالحکومت باکو جا رہے تھے۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق امیگریشن انچارج فریال خان نے طیارے میں سوار ہونے سے قبل شک پڑنے پر باکو جانے والے تین مسافروں صاعقہ ، نبیل اور صادق کے پاسپورٹس دوبارہ چیک کئے تو ان پر لگے جنوبی افریقہ کے ویزا سٹکرز جعلی ثابت ہوئے ۔ تینوں ملزمان کو قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے ایجنٹ اکرام سے جعلی ویزے حاصل کئے تھے۔