فرانس میں رمضان کے دوران بھی مساجد کی بے حرمتی، مسلمانوں میں غم و غصہ

پیرس (مشرق نیوز) فرانس میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ رمضان المبارک میں مساجد کی بے حرمتی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے مسلم برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں صرف ایک ہفتے کے دوران دو مختلف شہروں کی 3 مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک مسجد کے باہر سور کا سر پھینکا گیا جب کہ دو پر حملہ کرکے نمازیوں کو ہراساں کیا گیا۔ مسلم رہنماوں کا کہنا ہے کہ اسلام میں سور کا گوشت حرام ہے۔ انتہاپسندوں نے مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے کیلئے مسجد جیسی مقدس جگہ پر ایک حرام جانور کا سر کاٹ کر پھینکا تاکہ مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے جا سکیں۔ پولیس تاحال اس مکروہ عمل کو کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرمینین نے ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل قبول حرکت ہے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نسلی منافرت پر اکسانے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ذمہ داروں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی۔ یاد رہے کہ فرانس میں اسلاموفوبیا کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔