لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر نے ایس آر او 420(I)/2024مورخہ 21مارچ پر اپنی فیڈبیک دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ لاہور چیمبر کی تجاویز کو ڈرافٹ سکیم کے نفاذ سے قبل اس کا حصہ بنایا جائیگا۔ وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب کے نام ایک خط میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر دکانداروں کو رجسٹر کرنے اور دستاویزی معیشت کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر دوست سکیم کے ڈرافٹ میں تمام تاجروں اور دکانداروں کیلئے ماہانہ ایڈوانس ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔ ٹیکس فائلنگ کیلئے زیادہ تر دکانداروں کا انحصار وکلا پر ہے۔ ماہانہ فائلنگ سے ان پر انتظامی بوجھ پڑیگا اور قانونی فیسوں اور جرمانے کی وجہ سے کاروبار کرنے کی لاگت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ان خدشات کو دور کرنے کیلئے ایڈوانس ٹیکس کی سالانہ/دوسالہ ادائیگی کی سفارش کی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے مزید کہا کہ اس سکیم میں تاجروںکی سالانہ رینٹل ویلیو کی بنیاد پر ٹیکس کا حساب لگانے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جو کاروباری املاک کی منصفانہ مارکیٹ ویلیو کے 10% کے مساوی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے کاروباری شعبہ پر غیر حقیقی آمدن پر ٹیکس لگنے کا اندیشہ ہے۔ ہر ریٹیلر کے پاس بجلی کا کمرشل میٹر ہوتا ہے ۔ انہوں نے تجویز کیا کہ اصل کھپت کی بنیاد پر بجلی کے بلوں کے ذریعے ایڈوانس ٹیکس جمع کیا جائے جو سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن میں ایڈجسٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرافٹ سکیم میں ریٹیلرز کیلئے مراعات کا فقدان ہے جبکہ رجسٹرڈ ریٹیلرز کیلئے ٹھوس مراعات کی تجویز دی گئی ہے جن میں آڈٹ سے چھوٹ اور ٹیکس کی شرح میں کمی وغیرہ شامل ہیں۔ یہ مزید ریٹیلرز اور دکانداروں کو تاجر دوست سکیم کے تحت رجسٹرڈ ہونے کی ترغیب دیں گی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے تجویز پیش کی کہ خوردہ فروشوں اور دکانداروں کیلئے ایک صفحے کا آسان ٹیکس ریٹرن متعارف کرایا جائے۔ مزید برآں، پالیسیوں کی مستقل مزاجی اور تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے اس سکیم کا ٹائم فریم کم از کم پانچ سال کا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس دہندگان کو دبانے کے بجائے ریٹیلرز کی حوصلہ افزائی کرے اور لاہور چیمبر کی تجاویز کے مطابق ایک آسان تاجر دوست سکیم متعارف کروا کر انہیں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرے۔ اس سے مزید خوردہ فروشوں کو اس سکیم کے تحت رجسٹر کرنے کی ترغیب دیکر ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اس سکیم کی کامیابی کیلئے ابہامات دور اور تفصیلات دینا ضروری ہے، بالخصوص ٹیکسز کی مختلف شرخوں کے بارے میں۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے بارے میں ایف بی آر کی جانب سے سٹیک ہولڈرز کو تفصیلی بریفنگ دی جائے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ لاہور چیمبر کی تجاویز پر غور کیا اور نفاذ سے قبل ڈرافٹ سکیم میں شامل کیا جائیگا۔
لاہور چیمبر دستاویزی معیشت کیلئے حکومتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے: کاشف انور

















