ججز کے خط پرغیر جانبدار انکوائری کمیشن بنانے کااعلان ،ادارہ جاتی مداخلت قبول نہیں،حکومت

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط پرغیر جانبدار انکوائری کمیشن بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کمیشن کے ٹی او آر مشاورت کےساتھ اٹارنی جنرل سے طے کریں گے، باتیں درست ہیں تو تحقیقات ہونی چاہئیں اگر باتیں درست نہ ہوئیں تو پھر کیا ہوگا؟ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے،تمام آئینی اداروں کو اپنی حدود میں رہ کام کرنا چاہیے، ادارہ جاتی مداخلت کسی صورت قبول نہیں،کمیشن انکوائری ایکٹ کے تحت قائم کیاجائےگا،چیف جسٹس سے وزیر اعظم کی ملاقات بڑے خوشگوار ماحول ہوئی ، وزیراعظم نے واضح کیا عدلیہ کی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا،ماضی میں بھی ایسی آوازیں آتی رہی ہیں، وزیراعظم و خاندان خود زیر عتاب رہا ، مستقبل میں روک تھام ہوگی،وزیراعظم خط کا معاملہ کابینہ کے سامنے رکھیں گے، غیر جانبدار شخصیت انکوائری کمیشن کی سربراہی کرے گی۔

اٹارنی جنرل انور منصور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا معاملے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فل کورٹ میٹنگ کی اور خواہش ظاہر کی معاملے پر وزیر اعظم سے بھی مشاورت کی جائے،وزیراعظم نے فوری ملاقات کےلئے رضامندی ظاہر کی ،دونوں کی ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی ،خط سمیت ٹیکس و دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی،سامنے آنے والے خط کی سوشل میڈیا پر دھوم تھی، انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، سب سے پہلے خط کی چھان بین ضروری ہے، حکومت نے تحقیقات کا فیصلہ کرلیا،چیف جسٹس نے بھی کمیشن بنانے پر اتفاق کیا ۔

وزیر قانون نے کہا کسی بھی ادارے کی معاملے میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، اچھی ساکھ والے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں انکوائری کرائی جائےگی ،ٹی او آرز میں خط و ماضی کے معاملات بھی شامل ہوں گے،عدلیہ پر چھوڑتے ہیں ججز کا معاملہ مس کنڈکٹ ہے یا نہیں،سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ ججز کے ناموں پر غور کیا جائےگا،کمیشن کا سربراہ کون ہوگا وقت سے پہلے نام نہیں لے سکتا، 2سے 4روز میں سربراہ کے نام کا اعلان کر دیا جائےگا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا سمجھتا ہوں جب ایسے معاملات آئیں تو دبایا نہ جائے،تاریخ فیصلہ کرتی ہے کون غلط ہے کون نہیں،وزیراعظم کا عزم ہے ملک آئین کے مطابق چلنا چاہیے،ججز کے خط لکھنے سے کوئی آئینی بحران پیدا نہیں ہوا، چیف جسٹس نے معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے فوری ایکشن لیا، کیا ہی اچھا ہوتا باتیں آج سے 13ماہ پہلے ہو جاتیں،ایسے معاملات آئیں تو مٹی ڈالنے ،قالین کے نیچے چھپانے کی بجائے شفاف طریقے سے منطقی انجام تک پہنچایا جانا چاہیے،جتنی قربانیاں افواج پاکستان نے دیںقدر کرنی چاہیے،ہمیشہ انگلی نہ اٹھائی جائے،تمام اداروں کو ایک دوسرے کو عزت دینی چاہیے۔

وزیر قانون نے کہا ن لیگ کے دور حکومت میں جتنے بھی کمیشن بنے تمام کی رپورٹس کو سامنے لایا گیا، کمیشن نے ججز کو بلانا ہے یا نہیں ،میرا معاملہ نہیں ،اداروں کی بھی آو¿ٹ پٹ لیں گے۔