سانحہ 9 مئی، یکم جنوری سے 22 مارچ تک 2 ہزار سے زائد افراد گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) پولیس نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کی رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوا دی۔ لاہور پولیس آپریشنزونگ کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ میں 9 مئی کے مقدمات میں مطلوب ملزمان کی گرفتاریوں بارے تفصیلی اعدادوشمار بتائے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یکم جنوری سے لیکر 22 مارچ تک 2 ہزار 273 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال 9 مئی کے واقعات میں ملوث 2 ہزار 698 افراد کا ہدف مقرر کیا گیا جن میں سے 82 دنوں میں 84.4 فیصد ہدف مکمل کیا گیا جبکہ 15.6 فیصد گرفتاریوں کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے جیوفینسنگ اورلوکیشنز ٹریس کرکے چھاپہ مار کارروائیاں کی جارہی ہیں۔