تربت ،نیول ایئربیس پر حملہ ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید

کوئٹہ،راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)تربت میں نیول ایئربیس پر حملہ ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 25 ،26 مارچ کی درمیانی شب دہشتگردوں نے تربت میں پاکستان نیول بیس پی این ایس صدیق پر حملے کی کوشش کی جسے سکیورٹی اہلکاروں نے موثر جوابی کارروائی کرکے ناکام بنا دیا،بحری دستوں کی مدد کےلئے اطراف میں موجود سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، مسلح افواج کی مربوط و موثر جوابی کارروائی کے دوران مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں چاروں دہشتگردمارے گئے۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرنٹیئر کور بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، 24 سالہ سپاہی نعمان فرید شہید کا تعلق مظفرگڑھ سے ہے،ترجمان پاک فوج نے کہادہشتگردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔

صدر،وزیراعظم ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا بروقت موثر کارروائی سے بڑا نقصان بچ گیا،جوانوں نے بہادری سے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا،پوری قوم مسلح افواج کےساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرکے دم لیں گے۔

دوسری جانب ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں4 دہشتگرد مارے گئے،آئی ایس پی آر نے کہاسکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،مرنے والے دہشتگرد مصطفی، قسمت ،اسلام الدین فورسز کےخلاف کارروائیوں اور عام شہریوں کے قتل میں ملوث تھے،اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔