اپوزیشن اسمبلی میں غلط زبان استعمال کررہی ہے، سپیکر نوٹس لیں: عظمیٰ بخاری

لاہور: (خبر نگار) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے مریم نواز عوام کی خدمت کریں گی، مجھے بہت ٹف وزارت ملی ، اپوزیشن اسمبلی میں غلط زبان استعمال کررہی ہے، سپیکر نوٹس لیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا64 لاکھ گھرانوں کو رمضان ریلیف پیکیج دیا گیا، مریم نواز نے نگہبان رمضان پیکیج کو خود مانیٹر کیا، شفاف طریقے سے رمضان پیکیج لوگوں تک پہنچایا گیا، دو دن پہلے خواتین کے حوالے سے نازیبا الفاظ استعمال کئے گئے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا ایک بار پھرپنجاب اسمبلی میں آوازیں لگائی گئیں، ڈپٹی سپیکر سے تھوڑا گلا ہے ان کو بتایا بھی لیکن انہیں سمجھ نہیں آیا، پرویزالٰہی جب سپیکر تھے تو ہماری رکنیت معطل ہو جاتی تھی، ایسے اسمبلی نہیں چل سکتی جیسے اپوزیشن کا رول ہے، اسمبلی میں گلی، محلے کا ماحول نہیں چلے گا، اگر یہ احترام نہیں کریں گے تو ہمیں احترام کرانا بھی آتا ہے۔

دھاتی ڈور سے ہلاکت پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کریک ڈاو¿ن کرنے کا حکم دےدیا،عظمیٰ بخاری نے کہا ہمیں پتا چلا ہے خیبرپختونخوا سے قاتل ڈور آرہی ہے، کچھ لوگ آن لائن بھی خرید رہے ہیں ایسی ڈور کی بالکل اجازت نہیں دی جاسکتی، وزیراعلیٰ پنجاب کچھ دنوں تک دستک پروگرام شروع کریں گی، مفت ادویات کو ہسپتالوں میں شروع کرا دیا ۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا فیملی کیسز کے فیصلے چھ ماہ میں ہونے چاہئیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا سپیڈی انصاف کےلئے سپیشل کورٹ بھی بنانا پڑی تو بنائی جائیں، ججز کی تعداد کی بھی کمی کا مسئلہ ہے، 9مئی کیسز میں جو ملوث ہیں انہیں سزا ملنی چاہئے، جنہوں نے گناہ نہیں کیا انہیں رہا ہونا چاہئے، ملٹری کورٹس کے حوالے سے ابھی عدالتوں میں فیصلہ ہونا ہے، پی ٹی آئی دورمیں اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، جو ہمارے ساتھ ہوا ہم نے ان کے ساتھ وہ نہیں کیا، سوشل میڈیا پر فیک خبروں کو روکنے کےلئے طریقہ کار بنانا چاہئے، ایک بندہ فیک پوسٹ بنا کر فارغ ہوجاتا ہے باقی وضاحتیں دیتے رہتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میڈیا اداروں کے واجبات ادا کرنے کا کہا ہے۔