شہری پتنگ بازی کے خونی کھیل کے خلاف مہم میں پولیس کا ساتھ دیں:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کی پتنگ بازی کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے، لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت بڑے پیمانے پر کاروائیاں کرتے ہوئے سینکڑوں مقدمات درج کر لئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں پتنگ بازی میں ملوث 512 ملزمان گرفتار ہوئے، 535 مقدمات درج کئے گئے جبکہ ملزمان کے قبضے سے 59877 پتنگیں، 700 ڈوریں و چرخیاں برآمدکی گئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ ایک ماہ سے جاری کریک ڈاو¿ن میں 2855 مقدمات درج کرتے ہوئے 2991 افراد گرفتار کئے گئے،ملزمان کے قبضے سے 105076 پتنگیں، 2791 چرخیاں برآمد کی گئیں۔ اس سلسلے میں آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پتنگیں اور ڈور آن لائن فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت ایکشن لیں، شہری پتنگ بازی کے خونی کھیل کے خلاف مہم میں پولیس کا ساتھ دیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سول سوسائٹی کے تعاون سے پتنگ بازی کے جان لیوا نقصانات بارے عوامی شعور اجاگر کیا جائے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں پولیس اہلکاروں کے میڈیکل کیسز کی سکروٹنی کے بعد آئی جی پنجاب نے مختلف اضلاع میں تعینات پولیس ملازمین کو طبی اخراجات کیلئے مزید 11 لاکھ روپے جاری کردئیے۔ تفصیلا ت کے مطابق خانیوال کے کانسٹیبل رفیق مرحوم کے بیٹے روحیل رفیق کو کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے 3 لاکھ 62 ہزار روپے دئیے گئے، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ریٹائرڈ سب انسپکٹر شریف کو اہلیہ کے لیور ٹیومر کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے جاری کئے گئے، سپیشل برانچ کے کانسٹیبل امتیاز احمد کو اہلیہ کے علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے دئیے گئے، ڈرائیور کانسٹیبل محمود رضوان کو ٹانگ فریکچر کے علاج کیلئے ایک لاکھ 50 ہزار روپے جاری کئے گئے، راولپنڈی کے کانسٹیبل سلیم کو علاج معالجے کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس اور انکے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ پولیس ویلفیئر ذرائع سے حاصل آمدن کو فورس کی صحت، تعلیم اور ویلفیئر کے لئے مزیدموثر طور پر استعمال کیاجائے۔