لاہور:( اپنے رپورٹر سے )پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن بنچوں سے مبینہ نازیبا اشاروں پر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دیگر لیگی خواتین کےساتھ ایوان سے واک آﺅٹ کردیا۔
ڈپٹی سپیکر نے سخت ایکشن لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیاجس کے بعد وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری سمیت دیگر خواتین ایوان میں واپس آگئیں ،اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرو کے بینرز بھی لہرا ئے گئے ،ن لیگ کی مخصوص نشستوں پر مزید 2خواتین نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھالیا۔
پنجاب اسمبلی کااجلاس گزشتہ روز بھی مقررہ وقت کی بجائے 2گھنٹے 17منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ کی صدارت میں شروع ہوا،اجلاس کے آغاز پرڈپٹی سپیکر نے مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کنول نعمان اور صائمہ زاہد نے اسمبلی رکنیت کا حلف لیا،پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں گزشتہ روز بھی بجٹ 2023-24پر بحث کا سلسلہ جاری رہا۔
سنی اتحاد کونسل کے پارلیمانی لیڈر رانا آفتاب احمد خان نے کہا بانی پی ٹی آئی کا فئیر ٹرائل نہیں ہو رہا، اپنے ضمیر کاقیدی حافظ فرحت عباس جبر و تشدد کے بعد ایوان میں آیا ہے، ایک لاکھ باون ہزار کیسز اب بھی حل طلب ہیں۔
اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے اپنے خطاب میں کہا ٹک ٹاکر حکومت کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں،فیصل آباد میں 6 بہنوں کا اکلوتا بھائی پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوا،وزیر قانون کوایوان میں ہونا چاہیے ،پولیس کے حوالے سے شکایات کو نوٹ کریں،گجرات میں ایک رکن اسمبلی کے گھراور ڈیرے پرچھاپہ مارا گیا،وزیر قانون کو ایوان میں بٹھائیں ،پولیس سے بارہ کروڑ عوام بری طرح متاثر ہورہے ہیں، ایجنڈا مکمل ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس منگل صبح 10بجے تک ملتوی کردیا۔
پنجاب اسمبلی،اپوزیشن بنچوں سے نازیبا اشاروں پر وزیراطلاعات کاواک آﺅٹ



















