لیسکو نے سوا کروڑ کی بجلی چوری پکڑ لی

لاہور (خبرنگار) چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو نہ صرف صارف دوست کمپنی ہے بلکہ وہ اپنے 20 ہزار سے زائد ملازمین کے حقوق کی پاسداری کیلئے بھی ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ لیسکو کے دوران ملازمت وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کیلئے بھی ملازمتوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے والدین کی طرح کمپنی کی کامیابی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے ان خیالات کا اظہار دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو تقرر نامے دینے کیلئے منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر جنرل منیجر ٹیکنیکل عامر یاسین،ڈائریکٹر ایچ آر ہما چیمہ اور چیف انجینئر پی ایم یو طاہر میو بھی موجود تھے۔ لیسکو ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر16ملازمین کے ورثاءمیں ملازمت کے تقرر نامے تقسیم کئے گئے۔ دریں اثناءبجلی چوری کیخلاف کریک ڈاﺅن کے دوران ایکسین گلشن راوی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ علاقے میں چیکنگ آپریشن کیا گیا، دوران آپریشن فیکٹری میں لگا میٹر مشکوک پایا گیا، لیسکو ٹیم نے میٹر کو چیک کرنا چاہا تو فیکٹری مالکان کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی، جس پر لیسکو حکام کی جانب سے ایف آئی اے اور پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرکیا گیا جس کے بعد میٹر کو چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ ملزمان میاں شبیر اور بلال ڈیوائس لگا کر بڑے پیمانے پر بجلی چوری کر رہے ہیں، لیسکو حکام نے میٹر اور ڈیوائس کو قبضے میں لیکر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ہے جبکہ ملزمان کو تقریباً ایک کروڑ 25لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ دوسری طرف ایس ڈی او ٹاﺅن شپ سید حسنین مرتضیٰ نے اپنے سٹاف کے ہمراہ ٹاﺅن شپ کے علاقہ میں بجلی چوروں کیخلاف سرچ آپریشن کیا۔دوران آپریشن سٹاف نے ایک کنکشن پکڑا جس کو ملزم ٹمپرڈ کر کے بجلی چوری کر رہا تھا ۔لائن اسٹاف نے موقع پر کنکشن کو منقطع کر کے میٹر اتار لیا۔اسی دوران ایک طارق نامی شخص آیا اور میٹر سپر وائزر شفیق چغتائی سے میٹر چھینا اور بھاگنے کی کوشش کی میٹر سپروائزر شفیق چغتائی نے اسکو پکڑ لیا طارق نامی شخص نے میٹر شفیق چغتائی کے سر پر مارا اور سر پھار دیا، لائن سٹاف نے ملزم طارق کو پکڑا تو اس نے لائن سٹاف سے ہاتھا پائی کی اور گالم گلوچ بھی کی ۔ایس ڈی او حسنین مرتضی نے موقع پر پولیس کو کال کی اور ملزم طارق کو گرفتار کروایا۔کار سرکار میں مداخلت کرنے پر اس پر ایف آئی آر بھی کٹوائی گئی۔ محکمہ کو ملزم طارق پر شک ہے کہ یہ ایک الیکٹریشن ہے اور میٹروں میں شنٹ لگا کر بجلی چوری کرواتا ہے اس سلسلے میںپولیس سٹیشن میں اس سے تفتیش جاری ہے۔دوسری جانب ٹمپرڈ میٹر کو محکمہ کی جانب سے 1600یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں اور اس کے خلاف بھی ایف آئی آر کی درخواست متعلقہ تھانہ میں جمع کروا دی گئی ہے۔