اسلام آباد:(بیورورپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں ریمارکس دئیے ایسی کیا جلدی تھی رات 9 بجے بھی ٹرائل ہو تا رہا؟،فیئر ٹرائل کےلئے قانونی تقاضوں کو پورا کرنا ضروری ہے،سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ پیش ہوئے،وکیل سلمان صفدر نے کہا 5اکتوبر 2022 کو کس نے انکوائری شروع کی؟ کوئی دستاویز عدالتی ریکارڈ پر نہیں اگر دستاویز ریکارڈ پر نہ ہو تو کیس کی بنیاد ہی نہیں تو کیس ختم ہو جائےگا، تفتیشی افسر نے اپنے بیان میں کہا 5اکتوبر کو انکوائری ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر شروع کی، ڈی جی ایف آئی اے کیس میں گواہ بھی نہیں ، انکوائری کمپلینٹ دائر ہونے سے پہلے شروع ہوئی اس طرح تو پورا سٹرکچر ہی منہدم ہو جائے گا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا وائٹ کالر کیس نہیں نہ ہی مرڈر کیس کی طرح کہہ سکتے ہیں بلکہ مکس ہائبرڈ کیس ہے، حق جرح ختم ہو جائے تو آپ کی حق تلفی ہوتی ہے، ملزم عدالت کی نظر میں ”فیورٹ چائلڈ“ ہوتا ہے ، شام کے ٹرائل کی کیا حیثیت ہو گی ؟ اس حوالے سے بھی پوچھیں گے، کیا بے چینی تھی رات 9بجے بھی ٹرائل ہو رہا تھا، آرٹیکل 10 اے کے مطابق فئیر ٹرائل کے تقاضے پورے کرنا ضروری ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا ٹرائل کی کیا جلدی تھی ؟وکیل نے کہا شاید کسی ڈیڈ لائن کو پہنچنا چاہ رہے تھے، میں اگر کہوں اسلام آباد کی تاریخ کا متنازع ترین ٹرائل تھا تو عجیب نہیں ہوگا،عدالت نے استفسار کیا دونوں سرکاری وکیل عدالت نے تعینات کیے تھے؟ کیا ایڈووکیٹ جنرل نے نام بھیجے ؟ سلمان صفدر نے کہا جی! ایڈوکیٹ جنرل نے تعینات کیے تھے،عدالت نے کہا پھر تو ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس کرکے سننا پڑے گا، سرکاری وکلا کی سٹینڈنگ کیا تھی؟بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
سائفر کیس،ایسی کیا جلدی تھی رات 9 بجے بھی ٹرائل ہو تا رہا؟ اسلام آباد ہائیکورٹ



















