لاہور (حافظ کاشف سندھو) لاہور میں پولیس اور مقامی اداروں کی مجرمانہ غفلت اور ملی بھگت کے نتیجہ میں فراڈیوں اور جعلسازوں نے سادہ لوح عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا معمول بنا رکھا ہے ، لکی کمیٹیوں اور قسطوں پر اشیا دینے کی آڑ میں سود کا غیر شرعی کاروبار عروج پر، شہری قسطوں پہ اشیا خرید کر سود ادا نہ کرسکنے کی وجہ سے خوف اور ذہنی ازیت کا شکار ہو کر خودکشی پر مجبور، جعلی مضر صحت ادویات سمیت دیگر اشیا خودونوش اور گھریلو استعمال کی تقریباً سبھی چیزوں کی نقلی اشیا لاہور شہر میں فروخت ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی مینو فیکچرنگ بھی عام ہے۔ اندرون لاہور تقریبا شہر کے تمام ہی گنجان آباد اور تنگ و تاریک گلیوں اور محلوں میں معروف ملکی و غیر ملکی پراڈکٹ کی کاپی کرکے بیچنے کا دھندا کرنے والوں کی روک تھام کرنے والے اداروں اور پولیس کے اہلکار منتھلی لیکر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ اندرون شہر کی تنگ و تاریک گلیوں اور گنجان آباد علاقوں میں قائم کارخانوں میں دو نمبر مضر صحت اشیا بنا کہ شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے عالمی برانڈ کی دونمبر اشیا تیار کرنے کی فہرست میں مختلف برانڈز کے صابن، خشک دودھ، شیمپو،جوتے، بیوٹی کریم ،میک اپ کا سامان ،بچوں کی جیلیاں، بسکٹ اور بہت سی اشیا شامل ہیں۔ جن علاقوں میں یہ کارخانے قائم ہیں ان میں شاہ عالمی، موچی دروازہ، شیرانوالہ گیٹ، دہلی دروازہ، مستی گیٹ، شاہدرہ، مہاجر آباد، یتیم خانہ اور بہت سے علاقے شامل ہیں۔ ان دو نمبر اشیا کے استعمال سے شہری جلد کے کینسر اور معدے کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ موجودہ صورتحال تمام سیاسی ادوار میں یکساں رہی ہے، اہلیان شہر نے جعلسازوں اور دھوکہ دہی کے مرتکب افراد اور ان کی سرپرستی کرنے والے پولیس اور متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
لکی کمیٹی اور قسطوں پر اشیاءبیچنے کی آڑ میں سود کا کاروبار عروج پر ،مجبور شہری خودکشیاں کرنے لگے

















