اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فاد وحید کا کہنا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کم از کم 5 سے 10 سال پر مشتمل جامع روڈ میپ متعارف کروایا جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے میثاق معیشت کیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہئے آئندہ مالی سال2024-25 کی بجٹ سازی میں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے اورزمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام دوست اور تاجر دوست بجٹ پیش کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ میں پہلے سے ٹیکس نیٹ میں شامل لوگوں کو بوجھ بڑھانے کی بجائے نئے لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے پر توجہ دی جائے، کھربوں روپے کے قومی خزانے پر بوجھ خسارے کے شکار اداروں کی جتنی جلدی ممکن ہوسکے نجکاری کی جائے حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ طویل المیعاد پالیسیاں متعارف کروائی جائیں۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ ہر سال حکومت بجٹ کے موقع پر چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹڑیز اور تاجر تنظیموں سے بجٹ تجاویز مانگتی ضرور ہے مگر بدقسمتی سے ان تجاویز کو اہمیت نہیں دی جاتی اور نہ ہی بجٹ میں شامل کیا جاتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اس بار بھی حکومت نے بجٹ تجاویز مانگی ہیں جس کیلئے کام جاری ہے اور جلد اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنی بجٹ تجاویز حکومت کو ارسال کردیگا۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہونیوالی بجٹ سازی ہی سود مند ثابت ہوسکتی ہے ماضی کے تجربات سے سبق سیکھنا چاہئے اور تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ کم ازکم معاشی معاملات پر ایک ہوجائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگران دور حکومت میں اٹھائے جانیوالیا قدامات سے معیشت کو سنبھالا ملا ہے اور اقتصادی صورتحال بہتر ہوئی اس سے قبل پی ڈی ایم حکومت نے ملک کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانے کیلئے سخت اور غیر مقبول فیصلے کئے خوش آئند بات یہ تھی کہ نگراں حکومت نے بھی ان پر عملدرآمد جاری رکھا لیکن اس دور میں برایہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر رہی ہے اب چونکہ انتخابات کے بعد پھر سے اتحادی حکومت قائم ہوئی ہے جس میں ملک کی دونوں بڑی جماعتیں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) شامل ہیں اور یہ حکومت ملک کو درپیش مسائل کے حل میں سنجیدہ بھی دکھائی دے رہی ہے جس سے کاروباری طبقے میں بھی ایک امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ اب براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا لیکن اس کے ساتھ ساتھ حکومت کو مقامی سرمایہ کاروں پر بھی توجہ دینی چاہیئے کیونکہ مقامی سرمایہ کار بھی ملکی تعمیر و ترقی اور برآمدات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔
معاشی استحکام کیلئے 10 سال پر مشتمل روڈ میپ کی ضرورت ہے:اسلام آباد چیمبر

















