واسا ایڈمن ڈائریکٹوریٹ، مختلف نوعیت کی مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقاتی فائلوں کے قبرستان میں تبدیل

لاہور (قمر عباس نقوی) واسا ایڈمن ڈائریکٹوریٹ افسران و ملازمین کی مالی بے ضابطگیوں سمیت دیگر مختلف نوعیت کی انکوائریوں کی فائلز کا قبرستان بن گیا، ڈائریکٹر ایڈمن کا ایڈیشنل چارج سنبھالنے والے ڈپٹی ڈائریکٹر بھی انکوائریز کو نمٹانے میں غیر سنجیدہ ۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واسا کا محکمہ کو کرپشن فری بنانے کا منصوبہ ایڈمن ڈائریکٹوریٹ میں دم توڑنے لگا۔ شعبہ انکوائری میں واسا کے افسران وملازمین کی جانب سے مالی بے ضابطگیوں ،جعلی اسناد پر بھرتی سمیت دیگر مختلف سنگین الزامات کی انکوائریز کی فائلز کا قبرستان بن چکا ہے۔ عرصہ دراز سے شہریوں یا دیگر ذرائع سے کرپشن و دیگر غیر قانونی اقدامات پر کی جانے والی شکایات پر ابتدائی طور پر انکوائری آفیسر مقرر کر دیا جاتا ہے جو کہ سالہا سال چلنے کے بعد مبینہ طور پر ایڈمن ڈائریکٹوریٹ کے ریکارڈ سیکشن میں فائلز کے قبرستان میں منتقل کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے ڈائریکٹر ایڈمن کی جانب سے شعبہ انکوائریز میں ہونے والے معاملات پر عملی اقدامات کرنے کی بجائے پر اسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ واسا افسران کی جانب سے جعلی اسٹیمیٹ اور تعمیراتی نکاسی و فراہمی آب کے منصوبہ جات و دیگر امور میں ہیرا پھیری کرنے اور ملازمین کی جانب سے کلورین وڈیزل چوری سمیت جعلی اسناد پر بھرتی اور ترقی حاصل کرنے والی انکوائریز شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق افسیرز یا ملازمین کے خلاف ہونے والی انکوائریز کو داخل دفتر یا مکمل طور پر ختم کرنے کے حوالے سے سی بی اے و دیگر یونین لیڈرز اثر انداز ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں واساڈائریکٹوریٹ میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن و اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ اور ویلفیئر کی ذمہ داری انجام دینے والے قابل افسر وسیم گجر کو سینئرز کی موجودگی میں جونیئر ترین ہوتے ہوئے ایک ہفتہ قبل ڈائریکٹر ایڈمن کا ایڈیشنل چارج دیا گیا۔ اس ذمہ داری کو سنبھالنے کے بعد تاحال شعبہ انکوائریز کے معاملات کو بہتر بنانے کی بجائے مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے جس سے محکمہ میں مفاد اور کرپٹ افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی کے اسباب پیدا کئے جارہے ہیں واسا ڈائریکٹر ایڈمن کا اضافی چارج پر تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم احمد گجر سے موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا ان سے رابطہ نہ ہو سکا اور نہ ہی میسج کا جواب دیا گیا۔ واسا ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم ڈی واسا نے سخت احکامات جاری کر رکھے ہیں، کرپٹ وافسران و ملازمین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا ئیگا۔ اگر شعبہ ایڈمن میں کسی قسم کی انکوائریز چل رہی ہیں ان میں ہونے والی تاخیر پر متعلقہ زمہ دران سے رپورٹ طلب کی جائے گی جس کا جائزہ لینے کے بعد کوتاہی کرنے والوں کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور ان انکوائریز کو میرٹ پر فی الفور مکمل کیا جائیگا۔