جیلوں میں اسیران کیلئے سمارٹ یوٹیلیٹی سٹورز قائم کئے جا رہے ہیں:میاں فاروق نذیر

لاہور (مرزا ندیم بیگ) پنجاب کی جیلوں میں مقید اسیران کو معیاری اشیائے ضرورت کی کم نرخوں پر فراہمی کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن پاکستان کے زیرانتظام پنجاب کی تمام جیلوں کے اندر سمارٹ یوٹیلیٹی سٹورز قائم کئے جا رہے ہیں۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا کہنا ہے کہ ان سمارٹ سٹورز پر چائے ، کولڈ ڈرنکس ، بیکری آئٹمز ، صابن ، ٹوتھ برش ، ٹوتھ پیسٹ سمیت اسیران کی ضرورت کی تمام معیاری اشیاءیوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے منظور شدہ ریٹس پر دستیاب ہونگی۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے جو ریٹس باہر ہونگے ، وہی جیل میں بھی لاگو ہونگے۔کیمپ جیل لاہور میں باضابطہ طور پر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے تحت سمارٹ سٹور کو فعال کر دیا گیا ہے ، جس کے قیام پر اسیران کا ردعمل نہایت حوصلہ افزا ہے۔سمارٹ سٹور پر خریداری کیلئے ادائیگی کے طریقہ کار کو اسیران کے پنجاب بنک میں موجود اکاو¿نٹس سے لنک کیا گیا ہے ، اسیران بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے آن لائن پیمنٹ کریں گے۔ خریداری کے طریقہ کار کی شفافیت کیلئے کیش کے ذریعے ادائیگی نہیں ہو سکے گی۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے تحت سمارٹ سٹور کے قیام کیلئے پنجاب کی تمام جیلوں میں کام تیزی سے جاری ہے۔ رمضان المبارک میں پنجاب کی تمام جیلوں میں سمارٹ سٹور قائم کر دیئے جائیں گے تاکہ گھروں سے سامان منگوانے کی بجائے اسیران کو اشیاءضرورت کی فراہمی جیل سے ہی ممکن بنائی جا سکے۔