گلشن اقبال پارک، جھولے کی ٹکر سے بچی کی ہلاکت، 2 اعلیٰ افسران سمیت 3 افراد غفلت پر معطل

لاہور(اپنے نمائندے سے) گلشن اقبال پارک میں جھولے کی ٹکر سے ایک سالہ معصوم بچی کی ہلاکت پر پی ایچ اے انتظامیہ نے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن عامر ابراہیم اور ڈائریکٹر پراجیکٹ گلشن راوی عمران خان سمیت سینئر کلرک جنید افتخار کو انتظامیہ نے نااہل اور غفلت کا مرتکب قرار دیکر معطلی کے احکامات جاری کر دئیے ۔تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے میں عرصہ دراز سے پرکشش سیٹوں پر تعینات ڈائریکٹر عامر ابراہیم جو کہ ڈائریکٹر مارکیٹنگ سپورٹس اور کوآرڈینیشن و دیگر اہم عہدوں پر کام کرنے والے سمیت ڈائریکٹر پراجیکٹ گلشن اقبال عمران خان کی نا اہلی اور غفلت کی وجہ سے گزشتہ روز گلشن اقبال پارک میں جھولے کی ٹکر سے ایک سالہ معصوم بچی جاں بحق ہوئی جس پر پی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے پرکشش سیٹوں پر عرصہ دراز سے براجمان ڈائریکٹر عامر ابراہیم اور ڈائریکٹر پراجیکٹ گلشن اقبال پارک کو تحریری طور پر نا اہل اور غافل قرار دیتے ہوئے معطل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے جس میں ان کو معطل کرنے کی وجہ نا اہلی اور غفلت بتایا گیا ہے ذرائع کے مطابق عرصہ 10سال سے جھولے کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی حاصل نہیں کیا گیا جو کہ متعلقہ ذمہ داران کی نا اہلی اور غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے انتظامیہ کی نا اہلی اور غفلت کے باعث معصوم بچی لقمہ اجل بن گئی انتظامیہ کی جانب سے افسران اور سینئر کلرک کو معطل کرکے ابتدائی کاغذی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ مبینہ طور پر اس معاملہ کو روائتی طور پر فائلز میں ہی دفن کر دیا جائیگا جس سے معصوم بچی کو انصاف فراہم نہیں کیا جائیگا۔ پی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے جھولے کی بروقت دیکھ بھال کے معاملہ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں دیگر پارکس میں نصب جھولوں کی اسی طرح کی صورتحال ہے جو اسی طرح کے حادثہ کا سبب بن سکتی ہے۔ عامر ابراہیم کی عرصہ سے ایک سے زائد پرکشش سیٹوں کا چارج سونپ رکھا تھا نا اہل اور غافل ڈائریکٹر ز کو اضافی چارج دینے کی وجہ سے انتظامی امور میں بد انتظامی اور نااہلی اور غفلت دیکھنے میں آرہی ہے جس کی مثال انتظامیہ کی جانب سے تحریری طور پر جاری کئے جانیوالے معطلی کے احکامات میں لگائے گئے الزامات سے قبول کیا گیا ہے۔