مستحقین کو دہلیز پر رمضان پیکیج فراہم ، ڈیٹا کی تصدیق اہم ترین مرحلہ ہے:کمشنر لاہور

لاہور (خبرنگار) حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں لاہور ڈویژن میں 10لاکھ 10ہزار 146مستحقین کو گھر کی دہلیز پر رمضان پیکیج فراہم کیا جائیگا ۔ کمشنر لاہور ڈویژن علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں رمضان پیکیج کی مستحقین کے گھر کی دہلیز پر فراہمی ،اشیا ءکی قیمت ،معیار،وزن اورفراہمی کیلئے ٹرانسپورٹ کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔کمشنر لاہور کے مطابق گھر کی دہلیز پر فراہم کئے جانے والے رمضان پیکیج میں آٹا،چینی،بیسن،گھی اور چاول شامل ہوں گے ۔ اجلاس میں فراہم کردہ ڈیٹا سے مستحقین سے رابطہ،تصدیق اور مسنگ کو چیک کرنے کی کارکردگی و پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔کمشنر لاہور نے بتایا کہ لاہور میں 4لاکھ58ہزار 230مستحقین کے فراہم کردہ ڈیٹا سے رابطہ اور چھان بین کی جارہی ہے۔قصور میں43ہزار 924، شیخوپورہ 58 ہزار 193 اور ننکانہ میں 32ہزار افراد کی تصدیق مکمل ہوچکی ہے۔ فراہم کردہ ڈیٹا کی تصدیق اہم ترین مرحلہ ہے ،پولیو و ریونیو ٹیمیں فیلڈ میں تصدیق کررہی ہیں۔کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ مسنگ رابطہ نمبرز، مسنگ ایڈریسز کو شناختی کارڈ نمبرز اور مینول طریقے سے معلوم کیا جائے ،تمام اضلاع اپنی ضرورت کے مطابق مجسٹریٹس کی تعداد بڑھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول میں مجسٹریٹس کی غفلت،سستی اور نااہلی پر زیرو ٹالرنس ہے۔اجلاس میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر،ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف،ایڈیشنل کمشنر حامد ملہی نے شرکت کی جبکہ تمام اضلاع کے ڈی سیز کی بزریعہ ویڈیولنک شریک ہوئے۔