لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میں نگران صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے گورنر پنجاب کو بطور نگران صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ،ٹرانسپورٹ، لائیو سٹاک اور مائنز کے محکموں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی آ گاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت نے مختصر مدت میں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے قابل تعریف اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے، امید ہے کہ نومنتخب حکومت ملک میں مزید بہتری اور استحکام لے کر آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی سوچ کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مثبت کردار ادا کریں۔ نگران صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ انہوں نے بطور نگران صوبائی وزیر مراعات نہیں لیں بلکہ انہوں نے اور نگران کابینہ نے بھرپور کوشش کی کہ مختصر عرصے میں عوام کی خدمت کریں اور نظام میں بہتری لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور صوبائی وزیر اپنے متعلقہ محکموں میں مختلف اصلاحات کیں جس سے محکموں کے ریونیو میں اضافہ ہوا۔ نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ نادرا اور پی آئی ٹی بی کے ساتھ مل کر پیدائش اور وفات کے سرٹیفکیٹس کا آن لائن نظام وضع کیا ہے جو آخری مراحل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے لوگ گھر بیٹھے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیس حاصل کر سکیں گے۔
نگران حکومت نے مختصر مدت میں عوامی فلاح و بہبود کے بہترین اقدامات کئے :گورنر پنجاب



















