شہباز وزیراعظم ، زرداری صدر، چیئرمین سینٹ و گورنر پنجاب پی پی کا ہوگا، معاہدہ طے

اسلام آباد:( ) شہباز وزیراعظم ، زرداری صدر، چیئرمین سینٹ و گورنر پنجاب پی پی، سپیکر قومی اسمبلی ن لیگ کا ہوگا،حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ۔


شہباز شریف اور آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے حکومت سازی کے لیے اپنے نمبر پورے کرلیے ، وزیراعظم کے لیے شہباز شریف دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے ، آصف زرداری صدر کے لیے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا دعا ہے ملک کامیاب ہو، مشکلات دور ہوں،ملک کو بحرانوں سے نکالنےکے لیے ن لیگ کا ساتھ دے رہے ہیں۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پاس نمبر پورے ، نئی حکومت بنانےکی پوزیشن میں ہیں، آصف زرداری کو5 سال کے لیے صدر مملکت منتخب کرائیں گے، دیگر اتحادی ایم کیو ایم اور ق لیگ سب مل کر ووٹ ڈالیں گے۔

شہباز شریف نے کہا آزاد امیدوار اپنی اکثریت ثابت کریں اور حکومت بنائیں، دل سے قبول کریں گے، تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم سے اتحادکیا ہےلیکن اس کے باوجودحکومت بنانےکے لیے نمبر پورے نہیں ۔

مشاورت سے آگے بڑھیں گے، آصف زرداری اور بلاول کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں، باریاں لینے کی بات نہیں، پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہے، اتحاد میں بزرگ بھی ہیں اور جوان بھی، دونوں مل جائیں تو بڑی طاقت بنتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے درمیان اسحاق ڈار کی رہائشگاہ پر ملاقات ہوئی، دونوں جماعتوں کے درمیان حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا ۔

ذرائع کے مطابق چیئر مین سینٹ پیپلزپارٹی اور ڈپٹی چیئر مین ن لیگ کا ہوگا جبکہ سپیکر قومی اسمبلی ن لیگ اور ڈپٹی سپیکر پیپلزپارٹی کا ہوگا۔

بلوچستان کا وزیراعلیٰ پیپلزپارٹی کا ہوگا، ن لیگ اورپیپلزپارٹی مل کرحکومت بنائے گی۔

گورنر سندھ و بلوچستان ن لیگ ، گورنر پنجاب پیپلز پارٹی کا ہوگا، پیپلز پارٹی پنجاب کی صوبائی کابینہ میں بھی شامل نہیں ہو گی۔