انڈر 19 ورلڈکپ، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل کل کھیلا جائیگا

بینونی (مشرق نیوز) جنوبی افریقہ میں جاری 15ویں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل میچ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان (کل) جمعرات کو بینونی میں کھیلا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق 15ویں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل راﺅنڈ میں ، پاکستان ، بھارت ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی انڈر 19 ٹیمیں پہنچی تھی جس میں سے بھارت اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان پہلا سیمی فائنل میچ کھیلا جا چکا ہے اور دفاعی چیمپئن بھارت پہلے سیمی فائنل میچ میں میزبان جنوبی افریقا کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکا ہے۔ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل میچ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کو ولو مور پارک، بینونی میں کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم سعد بیگ کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ آسٹریلوی ٹیم کو ہیو ویبگن لیڈ کریں گے۔ دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اب تک ناقابل شکست ہیں ، دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں 11 فروری کو بھارت کا مقابلہ کرے گی جو بینونی میں کھیلا جائے گا۔