لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس شاہرات پر محکمہ پولیس کی ایمبیسیڈر ہے، تمام ٹریفک پولیس افسران خوش اخلاقی، فرض شناسی اور خلوص نیت کے ساتھ فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز کے ساتھ محبت و اعتماد کا رشتہ ہے، انکی بہترین ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ویلفیئر اور پروموشن اقدامات کا صلہ مزید بہتر بہترین کارکردگی کی صورت شہریوں کو منتقل کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس کے دفاتر کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، ٹریفک پولیس دفاتر کو ماڈرن اسٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ترقی پانے والے 45 سینئر ٹریفک وارڈنز کو رینک لگانے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ترقی پانے والے افسران اور انکے اہل خانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر پولیس افسران نے سینئر ٹریفک وارڈنز کو نئے عہدوں کے رینک لگائے اور سینئر ٹریفک وارڈنز کو پروموشن پر مبارک باد دیتے ہوئے پہلے سے زیادہ محنت سے فرائض ادائیگی کی ہدایت کی۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں ایک اور پولیس ملازم کے بچے کی کوکلیئر امپلانٹ سرجری کامیابی سے سر انجام پائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی صلاح الدین نے نجی ہسپتال (ایور کئیر) کا دورہ کیا اور کوکلئیر امپلانٹ سرجری سے روبصحت بچے عبدالہادی سے ملاقات کی۔ پولیس اہلکار محمد توصیف کے بیٹے کی کوکلیئر امپلانٹ سرجری کی منظوری آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چند توز قبل دی تھی جو مقامی ہسپتال میں کامیابی سے سر انجام پا گئی ہے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین نے عبدالہادی اور اسکے اہل خانہ سے ملاقات کی، حال و احوال پوچھا۔ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین نے کہا کہ پوسٹ سرجری علاج معالجے کے بعد عبدالہادی سننے اور نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہوجائیگا اور تعلیم حاصل کرنے کیلئے سکول جوائن کریگا۔
ٹریفک پولیس دفاتر کی اَپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے :آئی جی پنجاب
















