چولستان کو پانی کاNOCدینے پر سندھ حکومت کی وزیراعظم کوچٹھی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چولستان کیلئے پانی کا این او سی دینے پر سندھ حکومت نے نگراں وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو لکھے خط میں کہاسندھ کے مفادات کو نقصان پہنچانے والا کوئی بھی فیصلہ مستقبل میں کسی بھی حکومت کےلئے بہت مشکل ہوگا، ارسا کی جانب سے پنجاب کے چولستان کےلئے پانی کا این او سی جاری کرنے پر سنگین خدشات ہیں، کوئی معلومات شیئر کیے بغیر خفیہ اور اچانک این او سی جاری کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا پانی معاہدے کے تحت پنجاب کا حصہ پہلے ہی موجودہ نہری نظام کےلئے زیادہ مختص ہے،ارسا کے این او سی نے سندھ کے پانی کے حقوق کو شدید خطرے میں ڈال دیا،عوام کی جانب سے اپیل کرتا ہوں منتخب حکومت آنے تک فیصلے کو موخر کیا جائے، این او سی جاری کرنا نگراں حکومت کے مینڈیٹ سے باہر ہے۔