امن ہے نہ روزگار پھر آپ ووٹ کی امید کیسے کر سکتے ہیں؟،فضل الرحمن

لاڑکانہ: (بیورورپورٹ)جے یوآئی سربراہ فضل الرحمن نے کہاہے ملک کو آئین و قانون کے بغیر نہیں چلایا جا سکتا، خطے کے ممالک پاکستان سے بہت آگے نکل گئے،امن ہے نہ روزگار پھر آپ ووٹ کی امید کیسے کر سکتے ہیں؟۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہامنصب و حلف کا تقاضا ہے حکمران عوام کی خدمت کریں، سیاستدان الیکشن کے بعد عوامی مسائل حل کرنے کا وعدہ بھول جاتے ہیں، چاہے عوام ہو یا سیاستدان کوئی بھی ابھی تک ذمہ داری نہیں نبھا رہا، پاکستان تنزلی کی انتہا پر ، کہیں تو خرابی ہے، ڈاکو طاقتور ،پولیس کمزور ہے۔

سربراہ جے یوآئی نے کہااقتدار میں آ کر انسانیت پر ڈاکہ ڈالنے والوں کاسخت احتساب کریں گے،کب تک غلط فیصلے کرتے رہیں گے، غلط فیصلے کبھی بہتر نتائج نہیں دے سکتے،ملک میں امن ہے نہ روزگار، معیشت کا اچھا حال نہیں، پھر آپ ووٹ کی امید کیسے کر سکتے ہیں،سیاستدان خود سوچ رہے تھے عوام کے پاس کیسے جائیں گے، زمینی حقائق پر بات کرنی چاہیے۔

فضل الرحمن نے مزیدکہا الیکشن کے دنوں میں تمام ذمے داری عوام کو منتقل ہو جاتی ہے،الیکشن میں اتحادیوں کےساتھ معاہدے پر عمل کریں گے،ریاست مدینہ جیسی بڑی باتیں کرسکتا ہوں مگر زمینی حقائق کا علم ہے،بے امنی کی وجہ سے بلوچستان ،خیبرپختونخوا میں امیدوار خوف کے سائے میں الیکشن لڑ رہے ہیں، میں امن کی بھیک مانگنے کےلئے دربدر پھر رہا ہوں ،کبھی افغانستان جاتا ہوں اور کبھی کہیں اور۔