نئے ٹیوب ویلز ، فلٹریشن پلانٹس ٹیک اوورکرنے کا پلان تیار کیاجا ئے،کمشنر ساہیوال

ساہیوال:(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن کو پسپ پروگرام کے تحت لگائے جانے والے نئے ٹیوب ویلز اور فلٹریشن پلانٹس ٹیک اوورکرنے کا پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی، ان نئے ٹیوب ویلز اور فلٹریشن پلانٹس کو جلد فنگشنل کیا جائے تاکہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، کمشنر نے چیف آفیسر ضلع کونسل کو جھال روڈ پل پر لگائی گئی لائٹس چلانے کی بھی ہدایت کی،پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کمشنر شعیب اقبا ل سید نے فتح شیر رو ڈ پر جاری کام کی رفتار تیز کرنے اور زیر تعمیر سڑکوں کے چوراہوں کی ری ماڈلنگ کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

شعیب اقبا ل سید نے کہا نادرا آفس اور بھنڈاری چوک کے سیوریج کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں دوسری جانب کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے پوٹیٹو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ساہیوال کے زیر اہتمام آلو کے کاشتکاروں کی رہنمائی کےلئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک کی فوڈ سکیورٹی کےلئے ضروری ہے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جائے اور اس کےلئے جدید طریقہ کاشتکاری کےساتھ ساتھ کسانوں کو مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کےلئے آگاہی بھی دیں،آلو پاکستان کی ایک بڑی فصل ہے جو برآمد کر کے اربوں روپے زرمبادلہ حاصل کیا جا رہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے محکمہ زراعت زرعی یونیورسٹی اور تحقیقاتی اداروں کے تعاون سے آلو کے کاشتکاروں کو وقت کےساتھ ساتھ ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر رہنمائی بھی فراہم کریں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسرچ محکمہ زراعت ڈاکٹر اختر، ڈائریکٹر پوٹیٹو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ساہیوال ڈاکٹر سید اعجاز الحسن، ڈائریکٹر زراعت ساہیوال شہباز اختر، ڈائریکٹر ایگریکلچر انفارمیشن پنجاب نوید عصمت کاہلوں، چیئرمین پوٹیٹو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ مقصود احمد جٹ اور صدر چیمبر آف ایگریکلچر شوکت چدھڑ سمیت زرعی یونیورسٹی اوکاڑہ کیمپس کے طلبہ و طالبات اور ڈویژن بھر سے آلو کے کاشتکاروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی، کمشنر شعیب اقبال سید نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ ساہیوال میں آلو سے متعلقہ پراڈکٹس تیار کرنے کی صنعتیں قائم کریں تاکہ آلو اور ان سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدمیں اضافہ کیا جا سکے جس کےلئے ساہیوال میں انڈسٹریل سٹیٹ قائم کرنے کےلئے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا،اس سے پہلے ڈائریکٹر جنرل ریسرچ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر اختر نے کہا آلو کی پیداوار میں اضافے کےلئے محکمہ زراعت کسانوں سے قریبی رابطے میں ہے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے،انہوں نے پوٹیٹو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ساہیوال کےلئے ایک ریسرچ پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پوٹیٹو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ مقصود احمد جٹ نے کہا آلو پاکستان کی تیسری بڑی فصل ہے جس کا بڑا حصہ ساہیوال ڈویژن میں پیداہورہا ہے، ملکی ضروریات پوری کرنے کے بعد پاکستان سے سالانہ 4لاکھ میٹرک ٹن سے زائد آلو برآمد بھی کیا جا رہا ہے جس کی مالیت 110ملین ڈالر سے زائد ہے جسے بڑھانے کےلئے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ حاصل کیا جا سکے اور کسانوں کو بھی ان کی فصل کا پورا معاوضہ ملے، سیمینار کے موقع پر طلبہ و طالبات نے آلو سے بنائی جانے والی کھانے کی اشیاءکے سٹال بھی لگائے تھے۔