صرف ایک موقع دیں،وعدہ ہے وزیر اعظم بنا تو سیاسی انتقام نہیں لوں گا،بلاول بھٹو

چینوٹ:(رانا وقاص)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے صرف ایک موقع دیں،وعدہ ہے وزیر اعظم بنا تو کسی سے سیاسی انتقام نہیں لوں گا۔

چنیوٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا مخالفین کو صرف چوتھی بار کرسی پر بیٹھنے کی فکرہے،تاریخی معاشی بحران سے گزررہے ہیں، ملک میں تیزی سے مہنگائی، بیروزگاری ،غربت بڑھتی جارہی ہے،پورے معاشرے میں بحران پیدا کیا گیا،پرانے سیاستدان نفرت،تقسیم کی سیاست کررہے ہیں،الیکشن نفرت ،تقسیم کی سیاست دفن کرنے کیلئے لڑرہا ہوں۔

چیئرمین پی پی نے کہاعوام کا ساتھ چاہیے تاکہ پرانی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کریں، نئی سوچ وسیاست لیکر آنا پڑے گی، اختلاف رائے ہوسکتا ہے، سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کرسکتے،بینظیر بھٹو جب وزیر اعظم بنیں تو کہا جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے کیونکہ وہ عوام کی خدمت کرناچاہتی تھیں۔

بلاول بھٹو نے کہاوقت ضائع کرنے کی بجائے مسائل کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، میری حکومت میں کوئی کارکن سیاسی قیدی نہیں ہوگا،سیاستدان آپس میں لڑتے رہیں گے تو ملک کے مخالفین فائدہ اٹھائیں گے، وزیر خارجہ رہا جانتا ہوں دنیا بھر میں پاکستان کےخلاف کیا کیا سازشیں پک رہی ہیں، آپس میں لڑیں گے تو تمام دشمن قوتیں نقصان پہنچائیں گی لیکن ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے۔