الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم، پی ٹی آئی کو بلے کانشان واپس

پشاور، اسلام آباد، فیصل آباد (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن کافیصلہ کالعدم،پشاور ہائیکور ٹ نے پی ٹی آئی کاانتخابی نشان بلا بحال کردیا۔

جسٹس کامران حیات میاں خیل نے پی ٹی آئی درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی وکیل علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن نے اختیارات سے تجاوز کیا، پی ٹی آئی کو کہا گیا 20 دن کے اندر انتخابات کرائیں، 3 دسمبر کو انٹرا پارٹی انتخابات کرائے گئے، الیکشن کمیشن نے مانا انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے ،سرٹیفکیٹ بھی دے دیا، الیکشن کمیشن نے کہا انتخابات ہوئے لیکن جس نے کرائے وہ ٹھیک نہیں ، الیکشن کمشنر پر اعتراض آ گیا اور انتخابات کالعدم قراردے دیئے گئے۔

وکیل علی ظفر نے کہا الیکشن کمیشن کا آرڈر غیر قانونی ،غیر آئینی ہے، ای سی پی نے انتخابی نشان بیٹ واپس لے لیا اب انتخابات میں سیاسی جماعت کی حیثیت سے حصہ نہیں لے سکتے، مخصوص نشستیں بھی سیاسی جماعت کو بغیر انتخابی نشان نہیں مل سکتیں، ایک سیاسی جماعت کو عام انتخابات سے باہر کر دیا گیا، انتخابی نشان پر سمبل کیس کے نام پر سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔

علی ظفر نے کہاالیکشن کمیشن نے صرف انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراض نہیں کیا، آئین کا آرٹیکل 17 کہتا ہے ہر کسی کو ایسوسی ایشن ،یونین بنانے کا حق ہے، یونین ،ایسوسی ایشن کے پاس اپنے عہدیدار منتخب کرنے کا حق ہے، الیکشن کمیشن نے کہا چیف الیکشن کمشنر کو جنرل سیکرٹری نے کیسے تعینات کیا،قانون کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد 7 دنوں میں پارٹی سربراہ الیکشن کمیشن کو سرٹیفکیٹ دےگا، الیکشن ایکٹ میں بھی نہیں لکھا انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کالعدم قرار دے سکتا ہے، سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن 7 دنوں میں ویب سائٹ پر پبلش کرےگا، شق 215 کے تحت جب پارٹی سرٹیفکیٹ جاری ہوتا ہے تو انتخابی نشان کےلئے اہل ہو جاتی ہے۔

جسٹس کامران حیات نے دلائل سننے کے بعد کہا ایڈیشنل اٹارنی جنرل صاحب آپ لوگ آئے ،آپ کو سنا، اب تو کچھ کرنا ہوگا اگر آپ نہ آتے تو ہوسکتا ہے 2 جنوری کو جو بھی ڈویژن بنچ ہوتا اس کو بھیج دیتے اگر پارٹی سے انتخابی نشان لیا جائے تو پھر کیا رہ جاتا ہے اگر ن لیگ سے شیر، پیپلزپارٹی تیر اور جے یو آئی سے کتاب واپس لیا جائے تو کیا ہوگا،پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم اور پارٹی نشان واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کردیااور الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔

عدالت نے کہاکیس کا فیصلہ ہونے تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل ہوگا،چھٹیاں ختم ہونے کے بعد پہلے ڈبل بنچ میں کیس سنا جائےگا۔

بعدازاں تحریری فیصلے میں کہا گیا الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے اور الیکشن کمیشن کو ہدایت جاری کی جاتی ہے پی ٹی آئی کا سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر جاری کرے،الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بیٹ بھی بحال کرے، الیکشن 8 فروری کو ہونے جارہے ہیں اور 13 جنوری کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ایک پارٹی کو انتخابی نشان سے محروم کیا جارہا ہے،الیکشن کمیشن ،تمام فریقین کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے،عدالت کاحکم 9 جنوری تک عدالت کا حکم برقرار رہے گا۔