غزہ (مشرق نیوز)غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملے نہ رکے،مزید سینکڑوں فلسطینی شہید،13صہیونی فوجی جہنم واصل ہوگئے،فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل نے 201 فلسطینی شہید کر دئیے۔
عالمی میڈیا نے کہااسرائیلی فضائیہ نے شمالی غزہ کو نشانہ بنایا، بمباری سے اقوام متحدہ سکول کے احاطے میں کھڑی گاڑیاں ،عمارت مکمل تباہ ہوگئی،اقوام متحدہ کے سکولز مسلسل اسرائیلی افواج کے نشانے پر ہیں،سکول کے احاطے سے بڑی تباہی پھیلانے والا بم بھی برآمد ہوا۔
ادھر اسرائیل نے زمینی کارروائیوں کے دوران اپنے مزید 13 فوجی ہلاک ہونے کی تصدیق کردی،اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے حماس و دیگر مزاحمتی تنظیموں سے لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے اپنے 8 فوجیوں کے نام بھی جاری کر دئیے ،4 کا تعلق سیونتھ آرمرڈ بریگیڈ سے ہے جو جنوبی غزہ میں لڑائی کے دوران مارے گئے۔
دریں اثنا امریکی صدر جوبائیڈن ،اسرائیلی وزیر اعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، وائٹ ہاو¿س کے باہر میڈیا سے بات چیت میں صدر بائیڈن نے کہا نیتن یاہو سے بات چیت کے دوران غزہ میں جنگ بندی پرکوئی گفتگو نہیں ہوئی، گفتگو نجی تھی،جو بائیڈن نے کہا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو غزہ میں فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں، غزہ کے جنگ زدہ علاقوں سے شہریوں کے محفوظ انخلا کی بھی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا غزہ میں جنگ بندی کی چابی امریکہ کے پاس ہے،غزہ میں جاری قتل عام اور عالمی قانون کی خلاف ورزیاں صرف امریکہ ہی روک سکتا ہے،این جی او نے اپنے بیان میں کہا سلامتی کونسل کی غزہ میں امداد کی قرارداد مشکلات کے سمندر میں قطرے کے برابر ہے، غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، اسرائیل کو غزہ کی امداد نہیں روکنی چاہیے۔
غزہ ،وحشیانہ حملے،مزید سینکڑوں فلسطینی شہید،13اسرائیلی فوجی ہلاک



















