لاہور،کوئٹہ،کراچی(اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ)ن لیگ،پی پی،بی اے پی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع مانگ لی۔
رہنما ن لیگ اسحاق ڈار نے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھیج دیا،مراسلے میں کہا گیا الیکشن کمیشن پولنگ تاریخ میں تبدیلی کیے بغیر شیڈول میں ترمیم کر سکتا ہے،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کےلئے صرف 3 روزجبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کےلئے 7 دن مختص کیے گئے،اسحاق ڈار نے کہا کاغذات نامزدگی کےساتھ مختلف دستاویزات ،سرکاری محکموں کے این او سی بھی منسلک کرنا ہوتے ہیں،دستاویزات مکمل کرنے کےلئے وقت درکار ہوتا ہے، دستاویزات مکمل نہ ہونے پر کاغذات نامزدگی مسترد ہو جاتے ہیں۔
مراسلے میں استدعا کی گئی امیدواروں کی سہولت کےلئے الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 دن کی توسیع کرے،الیکشن کمیشن 8 فروری کی پولنگ تاریخ تبدیل کیے بغیر الیکشن شیڈول میں ترمیم کرے۔
دریں اثنا رہنما پیپلز پارٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا الیکشن کی تاریخ بڑھائے بغیر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع ہونی چاہیے،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے بینک سٹیٹمنٹ سمیت تمام کوائف جمع کرانے کا مسئلہ ہے، ساری چیزیں مکمل کرنی ہیں، الیکشن میں تاخیر کرنے کا نہیں کہہ رہے۔
سلیم مانڈوی والا نے بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ ،آصف زرداری نوابشاہ سے الیکشن لڑیں گے۔
ادھر بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کردیا،بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر منظور کاکڑ نے الیکشن کمیشن کولکھے خط میں کہاکاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے 3دن کا وقت دیا گیا، بلوچستان کے حلقے رقبے کے لحاظ سے باقی صوبوں سے مختلف ہیں،کاغذات نامزدگی کےساتھ اضافی دستاویزات بھی جمع کرانا ہوتی ہیں، اضافی دستاویزات کے حصول اور دور دراز علاقوں کے باعث 3 دن کا وقت کم ہے،بی اے پی نے خط میں مطالبہ کیا پولنگ تاریخ تبدیل کئے بغیر کاغذات نامزدگی میں 2 روز کی توسیع کی جائے۔
ن لیگ،پی پی،بی اے پی نے بھی کاغذات نامزدگی تاریخ میں توسیع مانگ لی



















