چیچہ وطنی میں یوریا کھاد نایاب، کسان رل گئے

چیچہ وطنی ( سلطان مصطفائی)تحصیل بھر میں یوریا کھادنایاب ہو گئی،محکمہ زراعت کی ناقص حکمت عملی اور کھاد ڈیلرز گٹھ جوڑ کی وجہ سے کسان رل گئے ۔یوریا کھاد نہ ملنے کی وجہ سے انکی فصلیں تباہ ہونے لگی،کھاد بلیک مافیا نے کھادیں مختلف دیہاتی علاقوں میں اسٹاک کر رکھی ہے جہاں سے بلیک میں فروخت کی جاتی ہے،بے بسی کی تصویر بنے کسان مہنگے داموں بلیک میں کھاد خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

کھاد ڈیلرز سارا ملبہ کھاد فیکٹریوں پر ڈالنا شروع ہو چکے ہیں جبکہ صورتحال اسکے برعکس ہے،ضلعی انتظامیہ بھی کھاد ڈیلرز کے سامنے بے بس نظر آ رہے ہیں،کسان تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں جبکہ محکمہ زراعت متعلقہ انتظامیہ کسانوں کو یوریا کھاد فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے،کسان بغیر یوریا کھاد فصلوں کو پانی لگانے پر مجبور ہیں جسکی وجہ سے فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ محکمہ زراعت سمیت دیگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے،سرکاری دفاتر میں میٹنگز کا کھیل جاری ہے لیکن کھادنایاب ہو چکی ہے،کسان تنظیموں نے نگران وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کردی۔