لاہور میں تجاوزات کے رضاکارانہ خاتمے کیلئے 48گھنٹے کی مہلت

لاہور( خبر نگار)لاہور میں تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کرنے کیلئے 48 گھنٹے کی مہلت دےدی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا ،انسداد تجاوزات کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،محسن نقوی نے خصوصی اجلاس میں انسداد تجاوزات کے آپریشن کی باضابطہ منظوری دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز ، ایس پیز کو متعلقہ علاقوں میں آپریشن کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہاشہر میں رضا کارانہ طورپر تجاوزات ختم کرنے کیلئے 48گھنٹے کی مہلت ہے، منگل کی صبح سے باضابطہ آپریشن شروع ہوگا، انسداد تجاوزات مہم میں کوئی نرمی،رعایت نہیں ہوگی، مہلت ختم ہونے پر لاہور میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن شروع ہو جائےگا۔

وزیراعلیٰ نے کہاٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹ دور کرنے کےلئے تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے، بیشتر مقامات پر تجاوزات ہی ٹریفک جام کا باعث ہیں، شہر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے سختی کرنا پڑی تو کریں گے،گرفتاری ،مقدمہ بھی درج ہوگا۔